پانی سے محروم آبادگار سراپا احتجاج قومی شاہراہ6گھنٹے بند

6 گھنٹے دھرنے کے باعث نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں، ہزاروں مسافر پریشان


Nama Nigar September 05, 2013
شدید گرمی کے باعث 8 مظاہرین بے ہوش ہوگئے۔

پانی کی عدم فراہمی پر آبادگار سراپا احتجاج بن گئے۔ بھٹ شاہ، کھنڈو نیشنل ہائی وے پرآبپاشی حکام کے خلاف سیکڑوں آبادگاروں نے علاقے کے سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں سلیم سندھی، فقیر محمد سنگراسی، میر تاج محمد تالپور، خالد میمن، محمد رحیم شورو اور دیگر کی قیادت میں 6 گھنٹے طویل دھرنا دیا۔

جس کی وجہ سے سعیدآباد سے مٹیاری تک قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، مظاہرین ایکسئین آبپاشی سعید جاگیرانی اور مقامی افسران کے خلاف نعرے لگارہے تھے، شدید گرمی میں ہر طرف مسافر خصوصاً خواتین و بچے شدید پریشان نظر آرہے تھے جبکہ 8 مظاہرین گرمی کے باعث بے ہوش ہوگئے جنھیں تعلقہ اسپتال ہالا میں داخل کیا گیا، دوسری جانب کئی بار ایس ایچ او بھٹ شاہ نے روڈ کھلوانے کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے انکار کردیا جس کے بعد 6 گھنٹے بعد ایس ایس پی مٹیاری امجد شیخ نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرکے روڈ کھلوایا، ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ آبپاشی حکام کی لاپرواہی سے آبادگاروں کو پانی نہیں مل رہا۔



مظاہرین کے تمام مطالبات جائز ہیں اور انھیں پانی فراہم کردیا گیا، کل ڈی سی آفس مٹیاری میں مظاہرین آبادگاروں اور ایری گیشن حکام کو ساتھ بٹھا کر مستقل بنیادوں پر آبادگاروں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ ادھر مظاہرین سلیم سندھی اور دیگر نے کہاکہ کھنڈو اور گرد ونواح کی 15 ہزار ایکڑ زمین لکھمیر مائنز میں پانی نہ آنے کے باعث سوکھ رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس وقت پورا سندھ سیلاب میں ڈوب رہا ہے لیکن کھنڈو کے آبادگاروں کا پانی بند کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایس ایس پی نے انھیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اگر ایری گیشن حکام نہ مانے تو ان پر مقدمات بھی درج کرادیے جائیں گے اور دوبارہ دھرنے بھی دیے جائے گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں