اثاثوں کی تحقیقات کیلئے نادرا نے آن لائن ایپ متعارف کروادی

ٹیکس جمع کروانے والوں کی تفصیلات اب آن لائن دیکھی جاسکتی ہیں، نادرا

ٹیکس جمع کروانے والوں کی تفصیلات اب آن لائن دیکھی جاسکتی ہیں، نادرا فوٹو:فائل

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے اثاثوں کی تحقیقات کیلئے آن لائن ایپلی کیشن متعارف کروادی۔

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور نادرا حکام نے اس حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ نادرا حکام نے بتایا کہ اثاثوں کی انکوائری کیلئے آن لائن ایپ متعارف کروائی ہے، ٹیکس جمع کروانے والوں کی تفصیلات آن لائن بھی دیکھی جاسکتی ہیں، ویب سائٹ اردو اور انگریزی زبانوں میں ہے، قومی شناختی کارڈ یا ایف بی آر کے دیئے گئے نمبر سے لاگ ان ہوا جاسکتا ہے۔

نادرا حکام نے کہا کہ آن لائن ایپ کے ذریعے ہر شخص اپنا ڈیٹا خود دیکھ سکے گا اور کسی دوسرے شخص کا ڈیٹا نہیں دیکھ سکتا، معلومات کو چیک کرنے کے پانچ سو روپے چارجز ادا کرنے ہوں گے۔


چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ویب سائٹ کا مقصد ٹیکس جمع کرانے والوں کی تفصیلات کو دیکھنا ہے، نادرا صرف معلومات دے گا، ٹیکس اکٹھا کرنا ہمارا کام ہے، جو ادارے معلومات رکھتے ہیں ان سے ہماری کوآرڈی نیشن ہوگی۔

شبر زیدی نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی تاریخ بڑھانے سے متعلق سوچنے والے افراد غلط ہیں، اسکیم کی تاریخ 30جون سے نہیں بڑھائیں گے، ہمارا مقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں ہے، ڈیٹا کی بنیاد پر اسیسمنٹ نوٹس جاری نہیں کریں گے، بینکوں سے اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات مانگی تھیں، ٹیکس اسی وقت اکٹھا ہوتا ہے جب حکومت کے پاس ڈیٹا ہو، ہم اکاؤنٹ ہولڈرز کو ڈیل نہیں کرنا چاہتے، بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کو خود ڈیل کریں۔

حماد اظہر نے کہا کہ ایف بی آر کا ڈیٹا ساڑھے5کروڑ افراد پر مشتمل ہے، اس سے ملک میں ٹیکس کا نظام مزید بہتر ہوگا۔
Load Next Story