ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے صدرزرداری کے کردارکو بھلایا نہیں جاسکتا وزیراعظم

جمہوریت کااستحکام ہمارا قومی ایجنڈا ہے اور حکومتیں ووٹ سے ہی آنی اور جانی چاہیئں،نوازشریف


ویب ڈیسک September 05, 2013
صدرزرداری اوربینظیر بھٹو نے سیاسی رابطوں میں پہل کی اورصدرزرداری نے سیاست میں گرم جوشی اورروایت کو فروغ دیا، نواز شریف فوٹو: ایکسپریس نیوز

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد صدر زرداری نے ملک کے لئے جو کردار ادا کیا وہ اسے نہیں بھول سکتے۔

ایوان وزیر اعظم میں صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ان کے دل میں آج شیریں یادوں کے علاوہ کچھ نہیں اور ان کے دل ودماغ میں ماضی کی یادیں تازہ ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں صدر زرداری پہلے منتخب صدر ہیں جو باوقار طریقے سے رخصت ہورہے ہیں اور ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے ان کے کردار کو نہیں بھلایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں محترمہ بینظیر بھٹوکی شہادت کا دن نہیں بھولتا، بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد صدر نے جو کردار ادا کیا وہ اسے نہیں بھول سکتے، وہ اس دن کو بھی کبھی نہیں بھول سکتے جب صدر زرداری اور بینظیر بھٹو ان سے ملنے جدہ آئے تھے اور جس میں زرداری صاحب نے خصوصی دلچسپی لی تھی۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ان کے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ وہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی منتخب صدر کو باعزت طریقے سے رخصت کر رہے ہیں، آج ملک میں ایک نئی روایت قائم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور بینظیر بھٹو نے سیاسی رابطوں میں پہل کی اور صدر زرداری نے سیاست میں گرم جوشی اور روایت کو فروغ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1997 میں اتفاق رائے کے ساتھ آئین میں ترامیم کی روایت ڈالی جسے صدر نے برقرار رکھا اور 5 سال جمہوریت کی حفاظت کے ثمرات آج مل رہے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ جمہوریت کااستحکام ہمارا قومی ایجنڈا ہے اور حکومتیں ووٹ سے ہی آنی اور جانی چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پرخلوص دعائیں اور نیک تمنائیں صدر زرداری کے ساتھ ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی جمہوریت کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں