پرویزمشرف اورعمران خان کی حکومت میں صرف وردی کا فرق ہے آصف زرداری

(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے چوٹ کھائی ہے اب حالات ٹھیک ہو ں گے، آصف زرداری


ویب ڈیسک June 21, 2019
(ن) لیگ کے ساتھ بیٹھ گئے ہیں عمران خان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہے، آصف زرداری۔ فوٹو:فائل

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جمہوریت کی قدر نہیں اور نہ ہی عوام کی مشکلات کا احساس ہے، سابق صدر پرویزمشرف اورعمران خان کی حکومت میں فرق صرف وردی کا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب والےاپنی استعداد کے مطابق مجھ سے سوال کرتے ہیں، نیب کا میرے ساتھ رویہ عزت والا ہے، میں بھی نیب حکام کی عزت کرتا ہوں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جو آسانی سے حکومت میں آتا ہے اسے جمہوریت کی قدر نہیں ہوتی ، عمران خان سیاسی قوت سے نہیں آئے اس لئے انہیں اور جمہوری جدوجہد اورجمہوریت کی قدرنہیں اور نہ ہی عوام کی مشکلات کا احساس ہے، سابق صدر پرویزمشرف اورعمران خان کی حکومت میں فرق صرف وردی کا ہے، جس طرح مہنگائی بڑھ رہی ہے لوگوں کے گھر اجڑ رہے ہیں چولہے بند ہورہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ اب حکمرانوں کو جانا پڑے گا۔

ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ (ن) لیگ نے ہمارے خلاف ہمیشہ جارحانہ رویہ اپنایا، لیکن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے چوٹ کھائی ہے انسان چوٹ کھا کر سیکھتا ہے اب حالات ٹھیک ہوں گے، ہم اب (ن) لیگ کے ساتھ بیٹھ گئے ہیں عمران خان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی کی تجویز دی ہے حکومت اس پر نہیں آرہی، اور ہماری تجویز کا مذاق اُڑایا جارہا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی پر واضح مؤقف بلاول بھٹو اختیار کریں گے، بلاول بھٹوکی اپنی سوچ ہے،جیسے وہ کہیں گے ویسا ہی ہوگا۔

خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب سنجیدگی سےحکومت کریں اور چیئرمین نیب نہ بنیں، نیب بلیک قانون ہے اور اس قانون کو نہ بدلنا ہماری نالائقی تھی، عمران خان ملک چلائیں جو ان سے نہیں چل پارہا، پہلی دفعہ دیکھا ہےکہ اپوزیشن پارلیمنٹ چلاناچاہتی ہے لیکن حکومت نہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں