وزیراعظم کی ہدایت پر دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس 9 ستمبر کو طلب کر لی گئی

کانفرنس سے قبل آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے عمران خان کی ملاقات کرائی جائے گی، زرائع


ویب ڈیسک September 05, 2013
وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کئے اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ فوٹو: فائل

حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس 9 ستمبر کو طلب کر لی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف عامر الیاس رانا کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس 9 ستمبر کو وزیر اعظم ہاؤس میں صبح 11 بجے شروع ہو گی اور وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کئے اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے سربراہ منور حسن، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین، امتیاز شیخ، میر حاصل بزنجو اور علامہ ساجد میر سمیت دیگر رہنماؤں کو ٹیلی فون کر کے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ زرائع کے مطابق تمام رہنماؤں کی جانب سے وزیر داخلہ کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

زرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کانفرنس سے پہلے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے عمران خان کی ملاقات کرائی جائے گی۔ تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں