مزید 5افراد ڈنگی وائرس سے متاثر اسپتالوں میں آئی سولیشن یونٹ قائم کرنیکی ہدایت

ڈنگی سیل چوبیس گھنٹے فعال رکھاجائے اور ضلعی سطح پرفوکل پرسن کی تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں

سرکاری اسپتالوں میں ڈنگی وائرس ٹیسٹ کی کٹس اور بلڈ بیگزکی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے، صوبائی وزیر ڈاکٹر صغیر احمد۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال سمیت صوبے کے دیگر سرکاری اسپتالوں میں ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوںکوفوری علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے آئی سولیشن یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ تمام اسپتالوں میں ڈنگی وائرس ٹیسٹ کی کٹس اور بلڈ بیگزکی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں ڈنگی سرویلینس سیل کے مطابق منگل تک کراچی میں مزید5مریض ڈنگی وائرس میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ان مریضوں کی تعداد162ہوگئی ہے، تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمد کی ہدایت پر منگل کو صوبائی سیکریٹری صحت آفتاب کھتری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرسریش کمار،ڈائریکٹرجنرل صحت سندھ سمیت تمام اسپتالوں کے انتظامی سربراہوں اورایڈیشنل کمشنر، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔


اجلاس میں فیصلہ کیاگیا جکہ ڈنگی سیل چوبیس گھنٹے فعال رکھاجائے اور ضلعی سطح پرفوکل پرسن کی تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ بلدیہ عظمی کی تعاون سے آگاہی مہم شروع کی جائے جس میں شہریوںکو پمفلٹ کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے، اسکولوں اورکالجوںکی سطح پربھی پمفلٹس تقسیم کیے جائیں، پرنٹ والیکٹرانکس میڈیا کے ذریعے بھی بچاؤکی تشہیری مہم جاری رکھی جائیگی۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی نے بتایا کہ کراچی میں وائرس سے بچائوکیلیے جراثیم کش ادویہ کی اسپرے مہم شروع کردی گئی ہے، اجلاس میں سیکریٹری صحت نے بتایا کہ وزیر صحت کی ہدایت پر تمام اسپتالوں میں آئی سولیشن یونٹ قائم کیے جارہے ہیں جہاں متاثرہ مریضوں کیلیے علیحدہ سے بستربھی مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں بتایاگیا کہ ڈنگی سے متعلقہ ٹیسٹ کیلیے کٹس کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے اوربلڈ بیگز بھی فراہم کیے جائیں گے، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے صوبائی محکمہ صحت کو اپنے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی، اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک ڈنگی وائرس سے157 متاثرہ مریض رپورٹ ہوچکے ہیں ان میں سے156کا تعلق کراچی سے بتایا گیا ہے۔
Load Next Story