سوناکشی ایسا کام نہیں کریگی جس سے شرمندگی ہو پونم سنہا

کسی بھی کام کے لیے سمجھوتا کرنا اس کی عادت نہیں، ہمیں سوناکشی پر فخر ہے

کسی بھی کام کے لیے سمجھوتا کرنا اس کی عادت نہیں، ہمیں سوناکشی پر فخر ہے۔ فوٹو: فائل

بھارتی فلموں کے معروف اداکارشتروگھن سنہا کی اہلیہ اوراداکارہ سوناکشی سنہا کی والدہ پونم سنہا نے کہا ہے کہ سوناکشی سنہا پر پُورااعتماد ہے کہ وہ کبھی کوئی ایسا کام نہیں کرے گی کہ جس سے ہمیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔

میرے شوہر شتروگھن سنہا پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، بیٹی یہاں آنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پونم سنہا نے گزشتہ روز ممبئی سے فون پر'' نمائندہ ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پونم سنہا نے کہا کہ اپنے کیرئیر کے آغاز میں جس طرح سے سوناکشی نے بہترین اداکاری کے ساتھ اپنے کلچر کی عکاسی کی ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں مل سکتی۔ وہ کوئی بھی فلم سائن کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ کرتی ہے میں سمجھتی ہوں کہ سوناکشی نے اپنے باپ اور ہمارے خاندان کے نام کو اپنے کام سے چار چاند لگا دیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب ہماری بیٹی سوناکشی نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اوراس کی پہلی فلم ''دبنگ'' ریلیزہوئی تو پاکستان سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہوئے جس پر دل بہت خوش ہوا۔




انھوں نے کہا کہ مجھے کراچی دیکھنے کا بہت شوق ہے۔میرے شوہرشتروگھن سنہا تو پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں بلکہ سوناکشی کے بہت سے انکل توپاکستان میں رہتے ہیں جن سے فون پر رابطہ رہتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ میں آئندہ دورے میں شوہرشتروگھن سنہا کے ہمراہ پاکستان آؤں۔ دوسری جانب سوناکشی بھی پاکستان آنا چاہتی ہے لیکن اس کی فنی مصروفیات بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ سے اکثرشیڈول اس کے بنا ہی ترتیب دینا پڑتا ہے، مگر میں تو خاص طور پر پاکستان آنا چاہتی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں پونم سنہا نے بتایا کہ سوناکشی کواپنی اقدار کا علم ہے اوروہ بہت اصول پسند لڑکی ہے۔ وہ ہمیشہ میرٹ پرکام کرتی ہے اورکسی بھی کام کے لیے سمجھوتا کرنا اس کی عادت نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے اوراس کے والد کو سوناکشی پر بہت فخر ہے۔
Load Next Story