PESHAWAR:
شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں ایک گھر پر امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے شمالی وزیر ستان کی تحصیل غلام خان میں ایک مکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ میزائل حملے کے بعد مکان میں آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، حملے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ علاقہ مکینوں نے لاشوں کو اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال منتقل کیا۔
اس سے قبل 31 اگست کو بھی امریکی جاسوس طیاروں نےشمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقے حیسو خیل میں ایک گھر کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے امریکی ڈرون حملوں کی بار ہا مذمت کی گئی ہے اور ان حملوں کو پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے لیکن اس کے با وجود امریکا ڈرون حملے روکنے کے لئے تیار نہیں ہے۔