ترمیمی بل کیخلاف جامعہ کراچی میں اساتذہ کی ہڑتال تدریسی سرگرمیاں بند

جامعہ کراچی میں اساتذہ کا انتظامی عمارت کے باہر احتجاجی جلسہ

سرکاری جامعات کے ترمیمی بل کے خلاف جامعہ کراچی میں اساتذہ مظاہرہ کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

حکومت سندھ کی جانب سے سرکاری جامعات کے ترمیمی بل2013 کے خلاف جامعہ کراچی کے اساتذہ نے جمعرات کو یونیورسٹی میں مکمل ہڑتال کی اس موقع پر تدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا اور جامعہ کراچی میں صبح اور شام کے پروگرام کی کلاسز منعقد نہ ہوسکیں۔

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی جانب سے ہڑتال کے موقع پرجامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے باہر احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں 300 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی اور جامعات کے ترمیمی بل کے خلاف اظہار خیال کیا سندھ کی جامعات کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جامعہ کراچی میں کلاسز کا علامتی بائیکاٹ کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جامعات کی خود مختاری کے لیے عملی جدوجہد اور اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا، بعدازاں اساتذہ کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، بعدازاں انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی مجلس عاملہ کااجلاس پروفیسر مطاہر شیخ کی زیر صدارت ہوا ۔




جس میں جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے فوری مطالبہ کیا گیاکہ یونیورسٹی انتظامیہ جامعات کی خودمختاری کے خلاف منظور کیے گئے اس بل کے حوالے سے یونیورسٹی کے تمام فیصلہ سازاداروں کا اجلاس بلائے جس میں جامعہ کی خودمختاری کا اعادہ کیا جائے، اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اساتذہ کی آگہی کے لیے ترمیمی بل اور اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے سیمینار کیا جائے گا،فپواسا کا اجلاس آج ہوگا۔
Load Next Story