فیڈریشن کو خون ریزی اور دہشت گردی پر تشویش قیام امن کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ

حکومت اور تحفظ فراہم کرنے والے ادارے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں,صدر ایف پی سی سی آئی فضل قادر شیرانی


Business Reporter August 29, 2012
حکومت اور تحفظ فراہم کرنے والے ادارے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں,صدر ایف پی سی سی آئی فضل قادر شیرانی فوٹو فائل

کاروباری برادری کے وفاق ایف پی سی سی آئی نے کراچی میں خون ریزی اور دہشت گردی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کراچی میں فی الفور امن کے قیام اور دہشت گردوں کی سرکوبی کا مطالبہ کردیا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر فضل قادرشیرانی، سابق صدر طارق سعید، ایس ایم منیر، نائب صدور شکیل احمد ڈھینگرا، ہارون رشید، اقبال دائود پاک والا اور دیگر نے ملک کے موجودہ حالات کے حوالے سے وفاق ایوانہائے تجارت و صنعت پاکستان نے پاکستان اور خصوصاً کراچی میں جاری خون ریزی اور دہشت گردی کے باعث امن وامان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات تشویشناک حد تک خطرناک ہوچکے ہیں، عالمی طاقتیں ملک کو تباہی کی جانب دھکیلنے پر عمل پیرا ہیں جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کے باعث تاجر و صنعتکار برادری اور عوام میں بے چینی کی فضا پھیل چکی ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی فضل قادر شیرانی نے ملک کے موجودہ حالات پر حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور تحفظ فراہم کرنے والے ادارے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ملک میں جاری پرتشدد واقعات کی روک تھا م کے لیے اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وجود کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں اور بیرونی طاقتیں پاکستان کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں لیکن حکومتی ادارے اور مشینری دہشت گردوں کے سامنے بے بس نظرآرہی ہے۔ طارق سعید اور ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی سے لیکر خیبر پختونخوا تک امن وامان کی صورتحال خراب ہوچکی ہے، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور شرپسند عناصر کی جانب سے کھلے عام عوام کاخون بہایا جارہا ہے جو تشویش کا باعث ہے جس سے مقامی اور بیرونی سرمایہ کار، تاجروصنعت کار برادری اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔

شکیل احمد ڈھینگرا نے کہا کہ ملکی معاشی سرگرمیوں کو امن و امان کی موجودہ صورتحال نے تباہی کی جانب گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تجارتی و کاروباری سرگرمیوںکو مزید تباہی سے بچانے کے اقدامات کو بروئے کار لایا جائے اور دہشت گردوں، شرپسند عناصر کو سرعام سزا دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں