جلو پارک میں 40 سال پرانی جھیل کی صفائی اور آرائش وتزئین کا کام جاری

کچرا اور مٹی نکال کر جھیل کو مزید 3 فٹ تک گہرا کردیا گیا ہے


June 23, 2019
جھیل میں کشتی رانی کے لیے 3 پوائنٹ بنادیئے گئے ہیں فوٹو: فائل

فاریسٹ جلو پارک میں 40 سال پرانی جھیل کی صفائی اور آرائش وتزئین کا کام تیزی سے جاری ہے۔

لاہور کے فاریسٹ جلوپارک کی جھیل کی صفائی اور آرائش وتزئین کا کام تیزی سے جاری ہے، جھیل میں پھینکا گیا کچرا اور مٹی نکال کر اسے مزید 3 فٹ تک گہرا کردیا گیا ہے جبکہ کناروں کے ساتھ پتھر لگایا جارہا ہے، منصوبے کا تخمینہ 3 کروڑ 18 لاکھ روپے ہے تاہم یہ پراجیکٹ 2 کروڑ 32 لاکھ روپے میں مکمل کرلیا جائے گا۔

سب ڈویژن فاریسٹ آفیسر اشتیاق یونس نے بتایا کہ جلوپارک کی جھیل اور اس کے اندر بنائے گئے چھوٹے سے جزیرے کی مرمت اور آرائش وتزئین کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جھیل 70 کی دہائی میں بنائی گئی تھی۔ 40 سال میں اس کی حالت بہت خراب ہوچکی تھی، جھیل میں جمع پانی کے نکاس کا کوئی راستہ نہیں تھا جس کی وجہ سے پانی بدبو دارہوچکا تھا۔۔یہاں آنے والے سیاح کچرا، پلاسٹک کی بوتلیں بھی اندرہی پھینک دیتے تھے جبکہ اطراف کے کناروں کی مٹی بھی بارش کے پانی میں بہہ کر جھیل میں گرتی جس سے جھیل کی گہرائی کم ہوتی جارہی تھی۔ اب تین فٹ تک جھیل میں کھدائی کرکے اس میں جمع کچرے اور مٹی کونکال دیا گیا ہے جبکہ جھیل میں پانی جمع کرنے اور نکاس کے لیے الگ الگ راستے بنائے گئے ہیں۔۔جھیل سے نکالا جانے والا پانی درختوں اورپودوں کی آبیاری کے لیے استعمال ہوسکے گا۔



تقریبا ڈھائی ایکڑ رقبے پر بنی اس جھیل کے کناروں کے ساتھ پتھر لگایا گیا ہے لیکن اس کا پیندہ کچا ہے تاکہ جھیل میں جمع ہونیوالا پانی زمین میں جذب ہوتا رہے اس سے قریبی علاقے میں زیرزمین پانی کی سطح بلند ہوگی۔

اشتیاق یونس کے مطابق جھیل کے اندر بنائے گئے آئی لینڈ اور اطراف میں مزید درخت اورپودے لگائے گئے ہیں، پہلے کئی درخت جھیل میں گرچکے تھے ۔ اب جھیل کے کناروں پر مٹی ڈال کر انہیں مزید اونچا کیا گیا ہے اور ان کے اوپر ٹائل لگاکر ٹریک بنادیا گیا ہے۔ جھیل کے اندر کشتی رانی کے لیے پہلے ایک پوائنٹ تھا تاہم اب 3 پوائنٹ بنادیئے گئے ہیں دو موٹربوٹ کے لیے اور ایک پیڈل بوٹ کے لیے۔ اسی طرح جھیل میں کشتی رانی کی سیر کے لیے آنے والوں کے لیے ایک بڑا ویٹنگ ایریا بنادیا گیاہے، جھیل کے کناروں اور آئی لینڈ میں پہلی بار لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے اسی طرح ایک سیکورٹی روم بنایا گیا ہے جہاں بیٹھ کر سی سی کیمروں کی مدد سے جھیل اور اس کے اطراف پر نظررکھی جاسکتی ہے۔



دوسری طرف جلو پارک میں تفریح کےلیے آنے والی فیملیز نے یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں بالخصوص جھیل کی مرمت اور آراٰئش پر خوشی کا اظہارکیا ہے۔ شہریوں کو یہ منصوبہ جلد سے جلد مکمل ہونے کا انتظارہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں