تبدیلی سرکار نے ریلوے کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا سعد رفیق

اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں، سعد رفیق

اضافی ریل گاڑیاں چلانے کے باوجود مسافروں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہو سکا،سعد رفیق، فوٹو: فائل

سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ریلوے کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ باقی اداروں کی طرح پاکستان ریلوے کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے اور تبدیلی سرکار کو منتخب کرانے والے تبدیلی کے مزے لے رہے ہیں۔


ریلوے کرایوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ساتھ ریل کرایوں میں اضافہ کیا اور 2 روز پہلے کرایوں میں دوسری بار7 فیصد اضافہ کر دیا، خان صاحب کی حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ کیلئے سولہ ارب روپے مختص کئے ہیں جب کہ موجودہ بجٹ میں ریلوے کے خسارے کا تخمینہ 39 ارب لگایا گیا ہے۔

سابق وزیر ریلوے نے ٹرین حادثات کی وجہ اضافی ریل گاڑیوں کو چلانا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں، اضافی ٹرینیں چلانے کے باوجود مسافروں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہو سکا، موجودہ وزیر شیخ رشید نے ریلوے نے ریل سیکورٹی کی تمام ایس او پیز کو کمپرومائز کیا ہے اور صدر مملکت کو خوش کرنے کیلئے وزیر ریلوے نے دھابیجی ایکسپریس چلائی۔

سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے دور میں ریلوے کے ایندھن کا زخیرہ 20 روز کا تھا اور موجودہ دور حکومت میں ریلوے کے ایندھن کا زخیرہ صرف 3 دن رہ گیا ہے۔
Load Next Story