آئی پی پیز کواربوں کی ادائیگی سے عوام کو کیا ریلیف ملا لاہور ہائیکورٹ

غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نظر انداز نہیں کرسکتے، عدالت، سماعت 27ستمبرتک ملتوی


Numainda Express September 06, 2013
حج سستا کرنے کیلیے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ، حکومت کمیشن بنائے،عدالت۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیس کی سماعت کے دوران قراردیا ہے کہ یہ عوامی مفاد کا کیس ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ ڈویژن بینچ نے حج کو سستا اور معیاری بنانے کے لیے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جوائنٹ سیکریٹری پانی وبجلی ضرغام شاہ نے بتایاکہ 342 ارب کی رقم آئی پی پیزکو ادا کردی گئی ہے۔ اب کسی علاقے میں ایک گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ وزارت بجلی اب گرڈاسٹیشنوں اور ٹاوروں کی حد تک بھی نگرانی کررہی ہے تاکہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جاسکے۔ عدالت نے استفسارکیاکہ اگر آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگی کر دی گئی ہے تو اس کے بعد لوڈشیڈنگ میں کتنی کمی آئی ہے اور عوام کوکیا ریلیف ملا؟ عدالت نے عوام کو دیے گئے ریلیف، لوڈشیڈنگ میں کمی اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہوں کی تعیناتی کے متعلق بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔



دریں اثنا چیف جسٹس عمرعطا بندیال اورجسٹس شعیب سعیدپر مشتمل ڈویژن بینچ نے حج کو سستا اور معیاری بنانے کے لیے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے قراردیا ہے کہ حکومت آئندہ سال کوٹا الاٹمنٹ کیلیے قانون بنائے اور حج کے کاروبارمیں شفافیت پیدا کرنے، حج سستااور عام آدمی کی پہنچ میں لانے کے لیے ایک کمیشن بنائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عبدالحئی گیلانی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 24 جون کا حکمنامہ منسوخ کردیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے پاس کیس میں کچھ بچا نہیں۔ اڑھائی لاکھ میں حج ممکن نہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرزنے سیکیورٹی جمع کرائی اور وہ تمام لوازمات عدالت کے سامنے پیش کیے جس میں ایئرکنڈیشنڈ ٹرانسپورٹ، 40دن کاکھانا موجود تھا۔ وفاقی حکومت کیوں ہچکچارہی ہے کہ حج سستا ہوجائے؟مسابقتی کمیشن کی رپورٹ بڑی واضح ہے اور سیکشن 3 اسے اختیار دیتا ہے کہ وہ مارکیٹ میں گٹھ جوڑ نہ ہونے دے اور چیزوں کی سستے داموں پر فراہمی ممکن بناسکے۔ حکومت کو جو کوٹاملتا ہے وہ عوام کی امانت ہے، 60 ارب کا کاروبارہو رہا ہے اور کوئی قانون سازی نہیں۔ اکتوبر 2012 میں پشاورہائیکورٹ یہ کہہ چکی ہے مگر وزارت اُس پر عمل نہیں کر رہی ہر حج پالیسی کی خلاف ورزی ہوتی رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں