پی ٹی آئی پارٹی نہیں بلکہ لوٹوں اور لٹیروں کا مسافر خانہ ہے سراج الحق

کراچی کے ملین مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، امیر جماعت اسلامی

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے، امیر جماعت اسلامی . فوٹو:فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی نہیں بلکہ لوٹوں اور لٹیروں کا مسافر خانہ ہے، کراچی کے ملین مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔

فیصل آباد کے گھنٹہ گھر چوک میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے، انہوں نے راتوں رات چینی اور سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شوگر اور سیمنٹ مافیا کو خوش کردیا، جماعت اسلامی 30 جون کو کراچی کے ملین مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں، مدینہ کی ریاست کا وعدہ کرنے والوں نے عوام کو مہنگائی سے نجات دینے کے بجائے 1100 سینما گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے، ملک کا کسان اور مزدور رو رہا ہے، بھارت نے اپنے کسانوں کو بجلی، تیل، کھاد اور زرعی ادویات پر سبسڈی دی جب کہ ہماری حکومتوں نے ان کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔


سینیٹر سراج الحق نے حالیہ بجٹ میں 2900 ارب روپے صرف سود کی ادائیگی کے لئے رکھے گئے ہیں، حکمران اگر خوشحالی لانا چاہتے ہیں تو انہیں سودی نظام ختم کرنا پڑے گا، خزانہ بھرنے کے لیے حکومت کو پاناما کے 436 لوگوں کا احتساب اور نیب کے پاس موجود کرپشن کے 150 میگا اسکینڈلز کو کھولنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت چوروں کو راستہ دینے کی پالیسی بنا چکی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) جن جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو ٹکٹ دیے تھے وہی آج پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، اس کابینہ میں آدھے سے زیادہ لوگ پرویز مشرف اور آدھے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے بیٹھے ہیں، پی ٹی آئی پارٹی نہیں بلکہ یہ لوٹوں اور لٹیروں کا مسافر خانہ ہے، مجھے حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا پورا یقین ہے، یہ ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کرسکتے ہم اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کر سکتے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کو دھوکا دے کر بڑا ظلم کیا، نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے حکومت اب تک پانچ لاکھ نوجوانوں سے روزگار چھین چکی ہے، 50 لاکھ لوگوں کو گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے اب تک ہزاروں لوگوں کو بے گھر کردیا ہے۔
Load Next Story