کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات اے این پی کے رہنما سمیت 2 افراد جاں بحق

کھارادر میں نامعلوم ملزمان ایک ناکارہ بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا

لال درویش فرنٹیئر کالونی وارڈ کے صدر اور سینیٹر شاہی سید کے قریبی عزیز تھے،ترجمان اے این پی سندھ فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں اے این پی کے رہنما سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ کھارادر میں نامعلوم ملزمان بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما لال درویش جاں بحق ہوگئے، ترجمان اے این پی سندھ کے مطابق لال درویش فرنٹیئر کالونی وارڈ کے صدر اور سینیٹر شاہی سید کے قریبی عزیز تھے، سینیٹر شاہی سید نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔


اورنگی کے ہی علاقے گلشن بہار میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے پاکستان بازار تھانے کے سب انسپکٹر غنی زخمی ہوئے،انہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، واقعے کے خلاف یوسف گوٹھ کے مکینوں نے حب ریور روڈ پر احتجاج کیا اور روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔

دوسری جانب کھارادر اللہ رکھا پارک کے قریب نامعلوم ملزمان ایک ناکارہ بم پھینک کر فرار ہوگئے، بم کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا، پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر ناکارہ بم کو اپنی تحویل میں لے کر علاقے کو کلیر قرار دے دیا۔
Load Next Story