ورلڈکپ بنگلادیش نے افغانستان کو شکست دیدی

بنگلادیشی کی جانب سے شکیب الحسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


ویب ڈیسک June 24, 2019
بنگلادیشی کی جانب سے شکیب الحسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فوٹو: آئی سی سی

ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو شکست دے دی۔

کرکٹ ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 262 رنز بنائے جس کے جواب میں افغانستان کی جانب سے گل بدین نائب اور رحمت شاہ نے ٹیم کو 49 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا، رحمت شاہ 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تاہم گل بدین نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہشمت اللہ شہیدی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، محمد نبی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی اور پویلین واپس لوٹ گئے، افغان اصغر 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نجیب اللہ زردان 23 رنز ہی بناسکے۔ راشد خان صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل افغانستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، بنگلا دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز لٹن داس اور تمیم اقبال نے کیا تاہم صرف 23 رنز کی شراکت کے بعد ہی لٹن داس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ تمیم اقبال 36 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے شکیب الحسن نے نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سومیا سرکار صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ محمد اللہ کی اننگز بھی 27 رنز تک محدود رہی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور مصدق حسین 35 رنزبناکر پویلین واپس لوٹے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3 ، گل بدین نائب نے 2 اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں