پاکستان کی ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی اور اگر مگر کا چکر

گرین شرٹس 6 میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔


Abbas Raza June 24, 2019
گرین شرٹس 6 میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔ فوٹو: آئی سی سی

جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کی بدولت پاکستان ٹیم کے سپر پر منڈلاتا ورلڈکپ سے اخراج کا خطرہ تو ٹل گیا لیکن سیمی فائنل تک رسائی کیلیے اگلے تینوں میچز میں کامیابی کے ساتھ دیگر ٹیموں کے مقابلوں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

گرین شرٹس نے اب تک میگا ایونٹ میں 6 میچ کھیل کر 2 میں کامیابی حاصل کی، سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے سے ایک پوائنٹ ملا، 3 میں شکست ہوئی اور مجموعی طور پر 5 پوائنٹس ہیں، پاکستان کا اگلا میچ ابھی تک ناقابل شکست نیوزی لینڈ کیساتھ ہے، کیویز کو زیر کرنے کے بعد آخری دونوں میچز میں افغانستان اور بنگلہ دیش کو بھی ہرادیا تو 11 پوائنٹس اور سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔

انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں گرین شرٹس کو اس دوڑ سے باہر کرسکتی ہیں لیکن دونوں کے میچ ابھی تک مضبوط ترین ثابت ہونے والی ٹیموں سے ہیں، 8 پوائنٹس کی حامل میزبان انگلش ٹیم کو آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہے، کم از کم دو فتوحات کی صورت میں 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی ممکن ہوجائے گی،اگر انگلینڈ ایک میچ میں فاتح اور 2 میں ناکام ہوتا ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہوں گے، یوں پاکستان ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرجائے گی۔

سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کی حامل لیکن آئی لینڈرز کو جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے مقابل ہونا ہے،ان تمام میچز میں فتوحات آسان نہیں ہوں گی، اگر سری لنکا 3 میں سے 2 میچز جیت جاتا ہے تو اس کے 10 پوائنٹس ہوں گے، بنگلہ دیش اس وقت 6 میچز کھیل کر5 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے اور اس کو بھی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنے باقی تینوں میچز جیتنا ہیں، ان میں سے ایک پاکستان کیخلاف بھی ہے، یوں گرین شرٹس ٹائیگرز کو ہراکر ایونٹ سے باہر کرسکتے ہیں، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔

نیوزی لینڈ 11، آسٹریلیا 10 اور بھارت 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اور ناک آﺅٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن کئے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں