پولیس کی مبینہ سرپرستی پابندی کےباوجود شادی بیاہ میں آتش بازی جاری

انتہائی طاقتور پٹاخے زور دار دھماکے سے فضا میں پھٹنے سے علاقوں میں خوف پھیل جاتا ہے۔

جن علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ ہو متعلقہ تھانے داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، شہریوں کا مطالبہ ۔ فوٹو : فائل

شادی بیاہ میں آتش بازی کی پابندی کے باوجود شہر میں اس پابندی کی کھلے عام پولیس کی مبینہ سرپرستی میں خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شادی بیاہ کے موقع پر آتش بازی اور ہوائی فائرنگ پر حکومت سندھ کی جانب سے پابندی عائد ہے، اس کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کے بھی احکام جاری کیے جاچکے ہیں ، پولیس کی سرپرستی میں مختلف علاقوں میں اس پابندی کی خلاف ورزی جاری ہے،شادی کی تقریب میں آتش بازی کا پہلا واقعہ رضویہ تھانے کی حدود میں پیش آیا جب ایک انتہائی طاقتور پٹاخہ فضا میں چھوڑا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹا اور اس کی آواز دور تک سنائی دی جس کے باعث علاقے میں خوف پھیل گیا ۔




رات گئے قائد آباد میں بھی شادی کی تقریب میں آتش بازی سے پورا علاقہ زور دار دھماکے سے گونج اٹھا، جب تحقیقات کی گئی تو انکشاف ہوا کہ وہ دھماکا بھی شادی کی خوشی میں کیا گیا تھا ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ جن علاقوں میںاس طرح کے واقعات رونما ہوں وہاں کے تھانیداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ، شہر میں پھیلی ہوئی خوف و ہراس کی اس فضا میں شہری مزید خوفزدہ ہونے سے بچ سکیں ، اس طرح کے دھماکوں سے وہ انجانے وسوسوں کا شکار ہوجاتے ہیں کہ شاید شہر میں کہیں کوئی دہشت گردی کی واردات ہوگئی ہے۔
Load Next Story