عمر اکمل کا کیریئر ختم کرنے کی سازش ناکام ہوگئی سرفراز

ٹیم میں موجودہ بااثر دھڑے نے عمراکمل کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کی سازش کی، سرفراز

ویسٹ انڈیز میں مصباح اور حفیظ سے جھگڑا نوجوان پلیئر کیلیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ ٹیم میں موجودہ بااثر دھڑے نے عمراکمل کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کی سازش کی جو ناکام ہو گئی۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین گزشتہ5،6 برس سے مسلسل قومی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں، اس دوران کسی بھی ٹیم منیجر نے پی سی بی کو ان کے '' مرگی''میں مبتلا ہونے کی کوئی رپورٹ نہیں دی۔ سرفراز نے الزام عائد کیا کہ کپتان مصباح الحق اورمحمد حفیظ نے عمر اکمل کا انٹرنیشنل کیریئرختم کرنے کی کوشش کی،انھوں نے انکشاف کیا کہ ویسٹ انڈیز میں کیربیئن لیگ کے دوران دونوں کپتانوں کا عمر اکمل کے ساتھ جھگڑا ہوا جس کے بعد انھیں مرگی کا مریض ثابت کرنے کے لیے پوری کوشش کی گئی۔




سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ اسی گروپ کے ایک اور رکن باسط علی نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عمر اکمل کو ڈومیسٹک میچ میں باہر رکھا، اس بااثر لابی کے بدلتے تیور دیکھ کر ہی عمر اکمل نے سوئی گیس سے نیشنل بینک کی ٹیم کو جوائن کیا۔سرفراز نواز نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑی کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی، پی سی بی کو معاملے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
Load Next Story