پاکستان اسپورٹس بورڈ میں نیا ریس ٹریک بچھانے کا فیصلہ

جناح اسٹیڈیم میں 3 کروڑ کی لاگت کے منصوبے کا آئندہ ماہ آغاز کردیا جائے گا

جناح اسٹیڈیم میں 3 کروڑ کی لاگت کے منصوبے کا آئندہ ماہ آغاز کردیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ میں 3 کروڑ روپے کی لاگت سے نیا ریس ٹریک بچھانے کا فیصلہ کرلیا گیا، جناح اسٹیڈیم میں نیلے اور پنک رنگ کے ٹریک کی تنصیب کا کام فنڈز ملنے کے بعد آئندہ ماہ شروع ہو جائے گا۔

اسپورٹس بورڈ نے پی سی ون کی تیاری کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطہ سے اجازت طلب کرلی ہے، ذرائع سے معلوم ہوا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ملکی ایتھلیٹس کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلیے منصوبہ تشکیل دیا ہے، پہلے مرحلے میں جناح اسٹیڈیم میں نصب پرانے ریس ٹریک کی تبدیلی کا عمل مکمل کیا جائیگا، وہاں دنیا بھر میں مقابلوں کیلیے استعمال ہونے والے نیلے اور پنک رنگ کے ٹریک کی تنصیب کا کام آئندہ ماہ شروع کردیا جائیگا، منصوبے پر 3 کروڑ روپے لاگت آئیگی۔




اس حوالے سے کام کے آغاز کیلیے اسپورٹس بورڈ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ سے پی سی ون تیاری کی اجازت طلب کرلی ہے۔ یادرہے کہ جناح اسٹیڈیم میں نصب ریس ٹریک 2003 میں ساؤتھ ایشین گیمز سے قبل آسٹریلیا سے درآمد کیا گیا تھا، ان گیمز میں میزبان پاکستان سمیت بھارت، بھوٹان، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ کے کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی تھی۔ اب دنیا بھر میں نیلے اور پنک رنگ کے ریس ٹریک پر مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپورٹس بورڈ نے فیصلہ کیا کہ قومی ایتھلیٹس کو بھی ایسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Load Next Story