راحت فتح علی نے میرے لکھے گانے بغیر اجازت گائے سعدیہ امام

اخلاقی طور پر راحت فتح علی خان کو گانوں کا کریڈٹ مجھے دینا چاہیے تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، سعدیہ امام

گانا لکھتے وقت مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ کمپوزیشن کے بعد یہ اتنا خوبصورت ہوجائےگا، سعدیہ امام فوٹوفائل

نامور ٹی وی اداکارہ و میزبان سعدیہ امام نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں انکشاف کیا ہے کہ راحت فتح علی خان نے بغیر اجازت ان کے لکھے ہوئے گانے بالی ووڈ میں گائے اور انہیں اس کا کریڈٹ بھی نہیں دیا۔

نامور پاکستانی اداکارہ سعدیہ امام نے نجی ٹیلی ویژن کے شو میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ فلم ''کلیوگ'' کا مقبول ترین گیت''جیا دھڑک دھڑک جائے'' جسے راحت فتح علی خان نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا تھا اسے دراصل سعدیہ امام نے لکھا تھا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ انہیں اس گانے کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔


سعدیہ امام نے بتایا کہ وہ اور راحت فتح علی خان بہت اچھے دوست ہیں اور گانا لکھتے وقت انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ کمپوزیشن کے بعد یہ گانا اتنا خوبصورت ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ فلم ''میٹرو''کے لیے راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے گیت''زندگی سفر میں ہے کٹ رہا ہے راستہ''کی شاعری بھی سعدیہ نے ہی لکھی تھی لیکن بدقسمتی اس گانے میں بھی ان کا نام کہیں شامل نہیں۔

سعدیہ امام نے کہا کہ انہوں نے اس بارے میں کبھی اس لیے بات نہیں کی کیونکہ وہ اپنے یہ گانے بطور دوست راحت فتح علی خان کو دے چکی تھیں۔ راحت فتح علی خان کا ایک اور مقبول ترین گیت ''نیناں ٹھگ لیں گے'' کے بارے میں سعدیہ امام نے بتایا کہ اس گانے کی شاعری دراصل امجد اسلام امجد کی ہے لیکن انہیں سعدیہ نے اپنے اسٹائل میں لکھا تھا جسے راحت فتح علی خان نے اپنی آواز دی ہے۔

سعدیہ امام نے مزید کہا کہ میں نے راحت فتح علی خان کو ایک چیز دے دی اب یہ ان کی اخلاقیات تھی کہ وہ اس کا کریڈٹ مجھے دیتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
Load Next Story