شام پر فوجی حملہ عالمی امن کیلیے خطرناک ثابت ہوگا شامی نائب وزیر خارجہ

شام کے خلاف جس جنگ کا آغاز کیا جارہا ہے اس سے دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے، فیصل مقداد


ویب ڈیسک September 07, 2013
امریکی کانگریس شام پر حملے کے حوالے سے مشاورت میں عقل مندی سے کام لے، فیصل مقداد

شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے متنبہ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے شام پر حملہ عالمی امن کے لئے خطرناک ثابت ہوگا۔

سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شامی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام کے خلاف جس جنگ کا آغاز کیا جارہا ہے اس سے دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے اور اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی کانگریس شام پر حملے کے حوالے سے مشاورت میں عقل مندی سے کام لے۔

دوسری جانب روس کے شہر سینٹ پیٹر برگ میں ہونے والے جی ایٹ اجلاس میں امریکی صدر باراک اوباما عالمی برادری کو شام کے خلاف فوجی کارروائی پر قائل کرنے میں ناکام رہے، گزشتہ روز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما کا کہنا تھا کہ اگر شام کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شام کے دارالحکومت دمشق کے ملحقہ علاقوں میں ہونے والے حملے میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا جس کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی شام کے خلاف فوجی کارروائی پر غور کررہے ہیں تاہم روس کا مؤقف ہے کہ اقوم متحدہ کے معائنہ کارروں کی ٹیم کی تحقیقات کے بعد اگر کیمیائی ہھتیاروں کے استعمال کے شواہد سامنے آئے تو شام پر حملے کی حمایت کی جائے گی بصورت دیگر امریکا اوراس کے اتحادی ممالک کی کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کو جارحیت تصور کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں