بھارت نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی شکست دیدی

بھارت کے 269 رنز جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک June 27, 2019
میچ مانچسٹر میں کھیلا گیا، فوٹو: سوشل میڈیا

ورلڈ کپ کے 34ویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 125 رنز سے شکست دے دی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 269 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارتی بولرز نےتباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیزکی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کالی آندھی کے 6 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، اوپنر ایمبریس 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ پوران نے 28، ہتھمیر نے 18،گرس گیل نے 6 اور ہوپ نے 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، بھمرا اور چاہال نے 2، 2 جب کہ پانڈیا اور یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، بھارت کی جانب سے روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا تاہم روہت 18 رنز بنانے کے بعد کیمار روچ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہول کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔

لوکیش راہول 2 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 48 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد وجے شنکر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کیدار جادیو 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اس دوران ویرات کوہلی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 72 رنز پر جیسن ہولڈر کا شکار بنے۔

سابق کپتان ایم ایس دھونی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سست روی سے اپنی اننگز جاری رکھی جس کے بدولت آخر میں ہارڈک پانڈیا نے جارحانہ اننگز کھیلی، پانڈیا نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ایم ایس دھونی 56 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے 3 جب کہ شیلڈن کوٹریل اور جیسن ہولڈر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں