وزیر اعظم عمران خان سے افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات

افغان صدراشرف غنی کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال


ویب ڈیسک June 27, 2019
افغان صدراشرف غنی وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں فوٹو: فائل

افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا، بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ جس کے بعد افغانستان اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان جب کہ اشرف غنی نے افغان وفد کی قیادت کی۔

افغان صدر کی وزیرخارجہ سے ملاقات

افغان صدراشرف غنی نے اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل، تجارت میں اضافے، معیشت، سرمایہ کاری کے فروغ، مواصلات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں میں امن واخوت کے لئے افغانستان پاکستان حکمت عملی کوعوام کی بہتری کے لئے بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔



وزیر خارجہ نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے افغان صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے مابین دیرینہ جغرافیائی اور تاریخی تعلقات ہیں، افغان عوام نے بے پناہ مصائب اورمشکلات کا سامنا کیا ہے، افغانستان میں پائیدارامن، استحکام اور خوشحالی پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر ہمیشہ زوردیتا رہا ہے اور افغان"امن عمل" کے لئے کھلے دل اور نیک نیتی سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

افغان صدر کا استقبال

افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، افغان صدر کا استقبال وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کیا، اس موقع پر افغان سفیر عاطف مشال اور دفتر خارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔



افغان صدراشرف غنی وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاک افغان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔اس کے علاوہ افغان صدر اسلام آباد میں تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ افغان صدر کے اعزاز میں صدر ڈاکٹر عارف علوی عشائیہ دیں گے۔

افغان صدر جمعے کو لاہور جائیں گے جہاں وہ گورنر اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کریں گے۔افغان صدر بادشاہی مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور اسی شام لاہور سے واپس افغانستان روانہ ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں