وزیراعظم کا اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

قیمتوں کے کنٹرول کے قوانین پر موثر عمل درآمد کیلیے فوری لائحہ عمل تشکیل دیا جائے، وزیراعظم


ویب ڈیسک June 27, 2019
تمام صوبائی حکام کو7دن میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم فوٹو: فائل

QUETTA: وزیرِ اعظم عمران خان نے بڑھتی مہنگائی اور اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ کی ناکامی کا سخت نوٹس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اوردیگر بد عنوانیوں کی روک تھام کے لئے وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز بشمو ل چیف کمشنر اسلام آباد کو فوری اقدامات لینے اور خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قوانین پر مکمل عملدرآمد کے ذریعے سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا فیلڈ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیےمتعلقہ اہلکاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان، قوانین پر غیر موثر عمل درآمد اور ذمہ داریوں سے گریز کی روش نے متعلقہ قوانین کو غیر موثر بنا دیا ہے اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافے کیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق قوانین پر موثر عمل درآمد کے لئے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے جب کہ فیلڈ افسران کو ہول سیل مارکیٹوں کا دورہ کرنے اور نیلامی کے دوران قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنایا جائے،تمام صوبائی سیکرٹریز متعلقہ اضلاع میں خود اچانک دورے کرکے قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں اور عمل درآمد رپورٹ متعلقہ وزیرِ اعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو پیش کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قیمتوں میں اضافہ کرنے والے غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے باقاعدگی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کی جائیں اور ان پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، مہم کی کامیابی کے لئے جزا و سزا پر مبنی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ بھی مقرر کیا جائے جب کہ تمام صوبائی حکام کو سات دن میں احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں