سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی123 اور نیم طبی عملے کی 623 اسامیاں خالی

شعبہ حادثات کا کام مکمل نہیں کیا گیا، ایم ایس ڈاکٹر خادم حسین کااظہار تشویش


Tufail Ahmed June 28, 2019
شعبہ حادثات کا کام مکمل نہیں کیا گیا، ایم ایس ڈاکٹر خادم حسین کااظہار تشویش فوٹو: فائل

صوبے کا سب سے بڑا ٹیچنگ اسپتال سول اسپتال میں حکومت سندھ کی عدم توجہی کی وجہ سے 623 اسامیاں خالی ہیں۔

سول اسپتال میں گریڈ18کے ڈاکٹروں کی 123،گریڈ ایک سے 5گریڈ کی300، گریڈ6سے گریڈ14کی200 اسامیاں خالی ہیں جبکہ سول اسپتال کے شعبہ حادثات کی مرمت وتزئین کا کام بھی 2018 سے جاری ہے ایک سال سے زائد ہونے کے باوجود بھی شعبہ حادثات کا کام ورکس ڈیپارٹمنٹ مکمل نہیں کرسکا۔

اسپتال کے انتظامی سربراہ ڈاکٹر خادم حسین نے ایکسپریس کو بتایاکہ 2018میں ایک سے گریڈ5تک کے ملازمین کی خالی اسامیوں پر15ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں دی تھی جس میں سے ہزاروں امیدواروں کے انٹرویوز بھی اسپتال کی سابقہ انتظامیہ نے کیے تھے۔

منتخب امیدواروں کی حتمی فہرست بھی تیار کی گئی تھی تاہم اعلیٰ حکام کی ہدایت کے بعد منتخب کیے جانے والے امیدواروں کی حتمی فہرست سرد خانے کی نذرکردی گئی اسی طرح 2017میں بھی اسپتال کے وارڈ بوائزکی 160 خالی اسامیوں پربھی انٹرویوز کیے گئے تھے آج تک ان امیدواروں کومنتخب ہونے اور نہ ہونے کے حوالے کچھ نہیں بتایا جاسکا۔

7سال سے بھرتیاں نہ ہونے اوراس دوران سیکڑوں ملازمین ریٹائر ہوجانے کے بعد اسپتال میں ملازمین کی شدید کمی ہوگئی، گریڈ5سے14گریڈ تک کے ملازمین کے ایک نجی فرم نے تحریری ٹیسٹ لیے گئے تھے اس معاملے کو بھی 2سال ہوگئے۔

ورکس ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ انجینئرکو شعبہ حادثات کا کام مکمل کیے جانے کے حوالے سے کئی مکتوب بھی لکھے جاچکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ، اسپتال کی غیر فعال سٹی اسکین مشین آئندہ ہفتے مکمل فعال کردی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں