مغربی میڈیا پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ قرار

پارٹنر بھی کہتا ہے اور پراپیگنڈا بھی کرتا ہے، آئی ایم ایف کا معیار بھی دہرا ہے، زبیر احمد ملک


Business Reporter September 08, 2013
چین، کوریا، بھارت، عرب ممالک اور دیگرپاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں، زبیر احمد ملک، فوٹو : آئی این پی

ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی خطے میں سب سے بہترین ہے۔جس میں بے شمار مراعات، ٹیکس چھوٹ، ڈبل ٹیکسیشن سے نجات، منافع کی بیرون ملک منتقلی اور مقامی پارٹنر کی ضرورت نہ ہونے کو یقینی بنایا گیا ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے زبیر احمد ملک نےکہا کہ پاکستان اٹھارہ کروڑ افراد سے زیادہ کی مارکیٹ ہے جس کے مختلف شعبوں بشمول توانائی، آئی اینڈ گیس، کوئلے، تانبہ، سونے اور دیگر دھاتوں کی کان کنی، انفرااسٹرکچر، مواصلات، ٹیلی کام، زراعت اور لائیواسٹاک وغیرہ میں وسیع مواقع موجود ہیں۔



ایف پی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ مغربی ذرائع ابلاغ ہمیں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پارٹنر کہتا ہے مگر ہماری لازوال قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دنیا کو منفی تصویر دکھانے میں مصروف ہے تاہم اس کے باوجود چین، کوریا، بھارت، عرب ممالک اور دیگرپاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں اس لیے مغربی سرمایہ کار بھی بلا خوف و خطر پاکستان کا رخ کریں اور رہائش، نقل و حمل، صحت، تعلیم، معدنی ذخائر اور تھر کول کے شعبوں میں سرمایہ لگائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان، توانائی، بجٹ خسارے ، اسلوب حکمرانی، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے کچھ مسائل ہیں جن پر جلد قابو پا لیا جائیگا۔ کاروبار کرنا تاجروں کا کام ہے نہ کہ حکومت کا اس لیے سالانہ 5 سو ارب نقصان کرنیوالے اداروں کواصلاحات کے بعد شفاف طریقے سے فروخت کیا جائے، کاروباری برادری تعاون کریگی۔ زبیر ملک کے مطابق آئی ایم ایف کا معیار دہرا ہے، مغربی ممالک کو نرم اور دیگر ممالک کو سخت شرائط پر قرض دیا جاتا ہے۔ پاکستان پر لاگو کی گئی شرائط سے کاروبار ناممکن اور غربت میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان میں ترقی یافتہ قوم بننے کے تمام لوازمات موجود ہیں اور ہمارا مستقبل انتہائی روشن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں