سپریم کورٹ کا رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم

پاکستان ریلوے 3 ماہ میں رائل پام کے تمام انتظامات بہترین طریقے سے ادا کرے، عدالت کا حکم

رائل پام تقریبا 150 ایکڑ رقبے پر واقع کلب ہے اس میں تین سینیما گھر، مارکیز اور گلف کلب شامل ہیں فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں رائل پام کلب سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے رائل پام کنٹری کلب معاہدے کوکالعدم قراردیتے ہوئے پاکستان ریلوے کو فوری طور پر کلب کے انتظامات سنبھالنے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ پاکستان ریلوے 3 ماہ میں رائل پام کے تمام انتظامات بہترین طریقے سے ادا کرے جب کہ نئی انتظامیہ سے متعلق بھی قواعد و ضوابط طے کیے جائیں۔


وزیر ریلوے شیخ رشید نے ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی حکومت میں اللہ کے کرم سے رائل پام کیس کا فیصلہ آگیا ہے، سپریم کورٹ کے رائل پام کنٹری کلب کے فیصلے پرساری قوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں، قبضہ مافیا کھربوں کی زمین پررائل پام پر قبضہ کرکے بیٹھا تھا، سپریم کورٹ کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں انہوں نے انصاف پرمبنی فیصلہ دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تین مہینے کے اندرہم نے اس کا انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کرنا ہے، میرا قوم سے وعدہ ہے کہ میں 5 سال میں ریلوے کو خسارے سے نکالوں گا، دو تاریخ کو اپنی کارکردگی رپورٹ راولپنڈی اسٹیشن پر پیش کروں گا، تین تاریخ کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رائل پام تقریبا 150 ایکڑ رقبے پر واقع کلب ہے اس میں تین سینیما گھر، مارکیز اور گالف کلب شامل ہیں۔ اس کے گالف کلب کو پاکستان کا بہترین کلب قرار دیا جاتا ہے۔
Load Next Story