پاپوش نگر میں مکینوں کا پانی کی عدم فراہمی پر دھرنا ٹریفک معطل

مکینوں کا پانی کی منصفانہ تقسیم پر عمل درآمد کا مطالبہ، واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی


Staff Reporter June 29, 2019
مکینوں کا پانی کی منصفانہ تقسیم پر عمل درآمد کا مطالبہ، واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی (فوٹو: ایکسپریس)

ناظم آباد پاپوش نگر کے علاقے چاندنی چوک پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر ٹریفک کی روانی معطل کردی اور واٹر بورڈ کے خلاف نعرے لگائے۔

ایکسپریس کے مطابق ناظم آباد نمبر 5 پاپوش نگر کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر چاندنی چوک پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا، مظاہرے میں خواتین، بچے اور بزرگ شہری بھی شامل تھے۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت سیاسی جماعتیں و شخصیات ایک ہی لفظ استعمال کر رہے ہیں '' پانی کی منصفانہ تقسیم '' لیکن عمل درآمد کو کوئی بھی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا نہیں کر رہا ، سیاست کرنے کا تو سب کو شوق ہے لیکن شہریوں کی پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

مکینوں نے کہا کہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر پانی کی عدم فراہمی پر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں لیکن متعلقہ ادارے سمیت حکومتی شخصیات کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، شہریوں کو اپنے مسائل حل کرنے کے لیے خود ہی سڑکوں پر آنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے پانی کی چوری میں متعدد افراد کو ملوث قرار دے کر ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے پورے علاقے کو پانی کے لیے ترسا دیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف اجتماعی طور پر آواز بلند کرنا پڑے گی تاکہ ان کے گھروں میں بھی پانی پہنچ سکے۔

Paposh Nager protest water board 2

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے گھریلو معمولات کی انجام دہی میں انتہائی دقت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ واٹر بورڈ کا عملہ کئی بار شکایت کے باوجود پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بجائے جھوٹی تسلیوں کے سوا کچھ نہیں کر رہا ، پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے نہ صرف مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں بلکہ ایسے مکین جو سکت نہیں رکھتے وہ انتہائی مشقت کے ساتھ دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر روزمرہ استعمال کے لیے جمع کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ناظم آباد بڑا میدان میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج
مظاہرین نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ احتجاج کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو بات چیت کے بعد منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا تاہم احتجاج کے دوران ناظم آباد بڑا میدان اور عباسی شہید اسپتال سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں