سابقہ دور حکومت میں آئی ڈی پیز فنڈ میں کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف

غیر قانونی طور پر اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ٹھیکے داروں کو خطیر رقم ادا کی گئی

شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلیے ریلیف پیکیج میں قانونی ضابطے پورے نہیں کیے گئے ۔ فوٹو: فائل

سابقہ دور حکومت میں آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے فراہم کیے جانے والے فنڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

شمالی وزیرستان میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے امداد کی فراہمی میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے بھجوائی گئی رپورٹ اعلیٰ حکام کو موصول ہوگئی۔


ذرائع کے مطابق گزشتہ دور حکومت میںآئی ڈی پیز کیلیے ریلیف گڈز کی پیکنگ،عید گفٹ پیکیج اور مویشیوں کے چارے میں بھی کرپشن کی گئی۔ امدادی سامان کے بیگز، بینرز، اسٹکرز کی چھپائی میں غیر قانونی طورپر اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ٹھیکے داروں کو خطیر رقم ادا کی گئی۔ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلیے عید گفٹ پیکیج میں20 ہزار کچے لباس، کھلونوں اور مٹھائی کی خریداری میں بھی قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی طور پر لباس، کھلونوں اور مٹھائی کی فراہمی کا ٹھیکہ دیا۔ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیزکے مویشیوں کے چارے میں خرید کے ٹھیکے میں بھی پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی گئی۔ مویشیوں کیلیے 5 لاکھ 4 ہزار کلو گرام چارے کی خریداری میں بھی من پسند کمپنیز کو نوازا گیا۔

ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلیے ریلیف پیکیج کے بیگز، اشتہارات، اسٹکرز کی چھپائی میں بھی قانون کے ضابطے پورے نہیں کیے گئے جس سے خزانے کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔
Load Next Story