سینٹرل ایشیا تک تجارت پھیلانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اشرف غنی

پاکستانی نجی شعبے کا تعاون درکار، مہمان صدر کا پاک افغان بزنس فورم سے خطاب


Numaindgan Express June 29, 2019
پاک افغان تعلقات مضبوط ہونے سے تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی،بزدار کی اشرف غنی سے گفتگو۔ فوٹو : اے پی پی

پاکستان کے دورہ پر آئے افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ دونوں مالک مل کر سینٹرل ایشیا تک تجارت پھیلانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

افعانستان کے صدر اشرف غنی جمعے کو ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئر پورٹ پر افغان صدر کا استقبال کیا۔ افغان صدر نے وزیراعلیٰ بزدار سے پرجوش مصافحہ کیا۔ بچوں نے افغان صدر کو گلدستے پیش کیے۔

وزیراعلیٰ بزدار نے صدر اشرف غنی کو لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاک افغان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے اور آپ کے دورے سے پاک افغان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور پاک افغان تعلقات مضبوط ہونے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امن کے سفر کیلیے ہمیں مل کر قدم بہ قدم چلنا ہے۔بعدازاں وزیر اعلی عثمان بزدار نے افغان صدر اشرف غنی کو ان کے دورہ لاہور کی تصویروں کی البم پیش کی۔

افغان صدر اشرف غنی نے البم کی تمام تصاویر دیکھیں اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں مجھے بہت پذیرائی اور محبت ملی۔ شاندار مہمان نوازی پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، البم میرے لیے یاد گار ہے ،آپ کی ٹیم نے بہت محنت سے البم تیار کی ہے،افغان صدراشرف غنی نے کہا کہ لاہور سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں۔افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ پاکستان کے دل لاہور آکردلی خوشی ہوئی ہے ۔

مہمان صدر نے شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا اور ماضی کے شاندار فن تعمیر کی تعریف کی۔ چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکریٹری وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہوراور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں افغان صدر کے گور نر ہاؤس پہنچنے پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اشرف غنی کا گرم جوشی سے استقبال کیا ،گور نر پنجاب سے افغان صدر اشرف غنی کی تفصیلی ملاقات کے دوران پاک افغان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، ، گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے افغان صدر اور انکے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، اہم شخصیات بھی ظہرانے میں شریک تھے۔ صدر غنی نے گورنر ہاوس کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔

افغان صدر اشرف غنی کی لاہورآمد کے موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے لاہور ائر پورٹ سے گورنر ہاؤس تک سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ ایس پی سکیورٹی فیصل شہزاد کو افغان صدر کے روٹ کے تمام پوائنٹس پر سکیورٹی فول پروف بنانے اور افغان صدر کی سکیورٹی پر تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پیرو کی ٹیمیں تمام اہم مقامات اور افغان صدر کے روٹ پر موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں