اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے قرارداد منظور ہو گی وزیر داخلہ چوہدری نثار

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ 3 دنوں میں 64 ٹارگیٹڈ آپریشنز ہوئے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پس پردہ سیاسی پارٹیز سے کی گئی مشاورت کے تناظر میں یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کل ایک متفقہ قرارداد آئے گی۔ فوٹو: فائل

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کل اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایک متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کل اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ کل اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی جائے گی جو حکومت کے لئے ایک راستے کا تعین کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہماری کئی پارٹیز سے سیاسی تلخیاں اور تنازعات رہے لیکن پاکستان کی اس گھمبیرصورتحال کا حل نکالنے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوئیں اور سب نے اپنی سیاسی ترجیحات کو ایک طرف رکھ کر اس میں شمولیت کا فیصلہ کیا جا قابل ستائش ہے۔


چوہدری نثار نے کہا کہ پس پردہ سیاسی پارٹیز سے کی گئی مشاورت کے تناظر میں وہ یہ بات یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ کل ایک متفقہ قرارداد آئے گی جو حکومت کے لئے پیش رفت کا زریعہ بنے گی، انہوں نے کہا کہ یہ حکومت 3 ماہ ہاتھ پر ہاتھ دھر کے نہیں بیٹھی رہی بلکہ ہم نے کافی کوششیں کی ہیں اور قوم کو بہتر حالات کی توقع اور امید رکھنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن، ترقی آئے گی اور ترقی کی نئی راہیں ضرور کھلیں گی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ کل اے پی سی میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنینٹ جنرل ظہیر الاسلام بریفنگ دیں گے جب کہ وزیراعظم اور سیاسی قائدین بھی اے پی سی سے خطاب کریں گے۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ 3 دنوں میں 64 ٹارگیٹڈ آپریشنز ہوئے، اچانک چیکنگ 3 دفعہ ہوئی۔ ملیر، فرنٹئیر کالونی، سائٹ ٹاون، بدر کمرشل، جوبلی چوک، سٹی ٹاؤن، بہادر گوٹھ، یوسف پلازہ ، لانڈھی، یوسف گوٹھ اور دیگر علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں مختلف بھتہ خور اور ٹارگٹ کلزر کو گرفتار کیا گیا اور 70 کے قریب مختلف قسم کا اسلحہ برآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے متعلق سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بریفنگ دی جائے تو زیادہ بہتر ہو گا۔

Recommended Stories

Load Next Story