ایس ایم ایز کی تیزتر ترقی کیلیے سمیڈا اور جی آر ایف سی میں معاہدہ

صنعتکاری، تجارت، لاجسٹک سپلائی چین مینجمنٹ میں تحقیقی منصوبوں پر تعاون کو یقینی بنائیں گے

ترجمان نے مزید بتایا کہ مذکورہ معاہدہ نجی شعبے سے اشتراک اور تحقیقی معاونت سمیت انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کے سمیڈا کے عزم کا تسلسل ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ملک بھر میں چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلیے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور کونسل برائے بین الاقوامی تحقیق و سہولیات(جی آر ایف سی) کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔

سمیڈ اہیڈ آفس کے ترجمان لیاقت علی گوہر نے اتوار کے روز بتایا کہ (جی آر ایف سی) کی جانب سے کونسل کے صدر توقیر خان لودھی اور جنرل مینیجر بزنس ڈیولپمنٹ (سمیڈا)سلطان ٹوانہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے صنعتکاری و تجارت اور لاجسٹک سپلائی چین مینجمنٹ کے شعبوں میں تحقیق کے منصوبوں پر باہمی تعاون کو یقینی بنائیں گے۔




ترجمان نے مزید بتایا کہ مذکورہ معاہدہ نجی شعبے سے اشتراک اور تحقیقی معاونت سمیت انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کے سمیڈا کے عزم کا تسلسل ہے تا کہ ملک بھر میں چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز)کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جا سکے بلکہ انہیں قومی معیشت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے وسیع تر مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کونسل کے جنرل سیکریٹری عمران احمد ایڈووکیٹ نے ایس ایم ای شعبے میں باہمی تحقیق کے اس معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سمیڈا کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Load Next Story