پاکستان فٹبال فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا

باڈی میں مقامی ریٹائرڈ ججز، بیوروکریٹس اور کھیل سے وابستہ شخصیات کی شمولیت متوقع


Sports Reporter June 30, 2019
باڈی میں مقامی ریٹائرڈ ججز، بیوروکریٹس اور کھیل سے وابستہ شخصیات کی شمولیت متوقع۔ فوٹو: فائل

فیفا کی بیوروکونسل نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے لیے نارملائزیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔

فٹبال کے حلقوں سے نئی خبر سامنے آ گئی ، پاکستان میں فٹبال کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فٹبال کی عالمی تنظیم حرکت میں آ گئی ہے اور اس نے پاکستان میں کھیل کے رکے معاملات کوبہترانداز میں چلانے کے لیے نارملائزیشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ فیفا اور اے ایف سی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی طرف سے تجاویز آنے کے بعد کیا گیا ہے۔

جاری مراسلہ کے بعد نارملائزیشن کمیٹی کے اختیارات میں پی ایف ایف کے روزانہ کے امور کے معاملات، پاکستان بھر کے کلبزکی رجسٹریشن اور اسکروٹنی ، ڈسٹرکٹ اور صوبائی سطح کے الیکشن کا انعقاد اورالیکشن کے لیے پی ایف ایف کی ایگزیکٹیو باڈی کا قیام شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی پاکستانی افراد پر ہی مشتمل ہوگی جس میں ریٹائرڈ ججز، بیوروکریٹس اور فٹبال سے وابستہ شخصیات کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

ادھر فیفا کی تسلیم شدہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا بیورو کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، اپنے بیان میں فیڈریشن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مخصوص لوگوں کی وجہ سے گزشتہ چار سال سے پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں معطل ہیں، ہم نے ہمیشہ سے ایسے اقدامات کیے ہیں جس کواپناکرکھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جاسکیں، فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے فیصلے کے بعد پر امید ہیں کہ ماضی کی طرح مستقبل میں ایک بار پھر پاکستانی کھلاڑی ملکی اور انٹرنیشنل سطح پر بھر پور ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

عہدیداروں کا مزید کہنا ہے کہ ہمارا پہلے دن سے ہی یہ واضح موقف رہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک فیفا اور اے ایف سی کی سپورٹ کے بغیر اس کھیل میں ترقی نہیں کر سکتا۔ فیفا کا ایک لیٹر بھی سامنے آچکا ہے جس میں عالمی باڈی کی طرف سے کرنل(ر) احمد یار لودھی کو ہی پی ایف ایف کا سیکریٹری جنرل تسلیم کیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔