حاجرہ خان ورلڈ ریکارڈ فٹبال میچ کا دوبارہ حصہ بنیں گی

جورڈن کوئسٹ ٹیم میں شمولیت، دوسری بار منتخب ہونے پر خوشی سے سرشار


نتاشا راحیل June 30, 2019
جورڈن کوئسٹ ٹیم میں شمولیت، دوسری بار منتخب ہونے پر خوشی سے سرشار۔ فوٹو؛ فائل

پاکستانی ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان حاجرہ خان ورلڈ ریکارڈ میچ کا حصہ بننے جارہی ہیں جب کہ یہ ایونٹ فرانس میں جاری ویمنز ورلڈ کپ کے سائیڈ لائن پر لیون میں ہی کھیلا جائیگا۔

حاجرہ خان دوسری بار ورلڈ ریکارڈ میچ میں شرکت کریں گی، پاکستانی خاتون فٹبالر کا یہ خواب ہے کہ ایک دن وہ ورلڈ کپ کا بھی حصہ بنیں تاہم یہ منزل ابھی دور ہے، قومی ٹیم نے آخری انٹرنیشنل ایونٹ 2014 میں کھیلا تھا۔

بطور کپتان حاجرہ صورتحال کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کھیل کو سنجیدگی سے دیکھے اور اس میں بھی زیادہ اہمیت خواتین فٹبال کو دینی چاہیے، انھیں ویمنز فٹبال کو محض رسمی کارروائی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے،جہاں خواتین کیلیے محض ایک سیزن ہوتا ہے اور اس میں بھی نیشنل فٹبال چیمپئن شپ ایک ہفتے سے زائد وقت پر محیط ہوتی ہے۔

پی ایف ایف نے اپنی نیشنل انڈر16 اور19 چیمپئن شپ گذشتہ برس شروع کی ہیں جبکہ پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 2010 میں کیا تھا، اس کے بعد اس میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی جو پی ایف ایف میں غیرپیشہ ورانہ رویے کی عکاس ہے، اس صورتحال پر پلیئرز دلبرداشتہ ہوتے ہیں اور خاص کر ویمنز فٹبال کو مردوں کے کھیل کے برابر خیال نہیں کیا جاتا۔

حاجرہ ورلڈ کپ کے موقع پر شیڈول اس مقابلے میں جورڈن کوئسٹ نامی ٹیم کا حصہ بنیں گی، اسی ٹیم کیلیے حاجرہ کو گذشتہ برس بھی ایکول پلیئنگ فیلڈ انیشیٹو کے تحت اردن میں منعقدہ میچ کیلیے بھی منتخب کیا گیا تھا، حاجرہ فرانس میں شیڈول اس مقابلے کیلیے اب خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر بہترین حالت میں خیال کرتی ہیں۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت کرتے ہوئے حاجرہ نے کہا کہ میں اس میچ میں شرکت کیلیے ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہوں، انجری سے نجات پانے میں خاصی مشکلات پیش آتی ہیں، کیونکہ پاکستان میں کوئی اسپورٹس میڈیسن ایکسپرٹ نہیں ہے اور نہ ہی فیڈریشن سے ہمیں کوئی سپورٹ ملتی ہے، میں وہاں اپنی اکیڈمی ٹیم فورٹس کا بھی حصہ بنوں گی جو بھی فرانس میں ہوگی جبکہ میں وہاں جورڈن کوئسٹ کے ساتھ بھی میچ میں حصہ لوں گی،اس بار ای پی ایف فیسٹیول میچ فرانس کے شہر لیون میں کھیلا جائیگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔