’’ڈولفن فورس ملزم اور عام شہری میں فرق برقرار رکھے‘‘

 آئی جی پنجاب کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب، فورس کی کارکردگی کو سراہا


سید مشرف شاہ June 30, 2019
 آئی جی پنجاب کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب، فورس کی کارکردگی کو سراہا۔ فوٹو: فائل

زمینی حقائق کو مدنظر رکھا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈولفن فورس نے سٹریٹ کرائمز کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کا ثبوت وہ جرائم کی شرح ہے، جو روز بہ روز نیچے آ رہی ہے، تاہم یہ بھی درست ہے کہ جہاں ڈولفن فورس شہریوں کے لئے بے پناہ سہولیات کا باعث بنی ہے وہیں اس کے حوالے سے بعض شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ پنجاب پولیس کے موجودہ سربراہ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان معمولی عوامی شکایات کو بھی نظر انداز نہیں کرتے اور فوری طور پر ایکشن لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان دنوں پنجاب بھر میں نہ صرف پولیس کی پرفارمنس بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے بلکہ محکمہ پولیس کی وہ برانچز جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا تھا، اب وہ بھی بھرپور انداز میں کام کرتی نظر آتی ہیں کیونکہ آئی جی پنجاب ہر برانچ کے سینئر افسران سے بریفنگ لینے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل حل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں ڈولفن فورس کے حوالے سے کچھ معاملات سامنے آئے تو آئی جی پنجاب نے اس حوالے سے فوری ایکشن لیا اور اس ضمن میں اعلی سطحی اجلاس طلب کر لیے۔ گزشتہ دنوں بھی سنٹرل پولیس آفس میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈولفن فورس کی پٹرولنگ اور پرفارمنس سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی،ڈی آئی جی آپریشن کیپٹن (ر) عطا محمد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان اور ایس پی ڈولفن بلال ظفر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈولفن فورس کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ڈولفن فورس شاہراہوں پر پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنائے جبکہ ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کریمنلز کے خاکوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ڈولفن اہلکار سنیپ چیکنگ کریں تاکہ چیکنگ کے نتیجے میں عام شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے تاکید کی کہ دوران پٹرولنگ اور چیکنگ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرم گفتاری کے ساتھ پیش آیا جائے اور پٹرولنگ ٹیموں کے منتخب کردہ صرف ٹیم لیڈر سنیپ چیکنگ کے دوران شہریوں کے ساتھ بات چیت کریں جبکہ بلاوجہ کسی شہری یا فیملی کو چیکنگ کے نام پر ہر گز نہ روکاجائے۔

اجلاس کے دوران ایس پی ڈولفن بلال ظفر نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ضلعی دارالحکومت میں ڈولفن فورس نے سٹریٹ کرائمز میں ملوث 109خطرناک گینگز کو گرفتارکیا ہے، جس کی بدولت شہر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عوام کے ساتھ ڈولفن فورس کے رویے اور برتاؤ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ لاہور میں ڈولفن اہلکاروں کی دوران پٹرولنگ مانیٹرنگ کے لئے 24ویجیلینس ٹیمیں بنادی گئی ہیں جبکہ ڈولفن اہلکار پبلک ڈیلنگ کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ان اقدامات کی بدولت گذشتہ 6 ماہ کے دوران ڈولفن فورس کے خلاف عوامی شکایات میں بھی 49 فیصد کمی آئی ہے۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ایس پی ڈولفن بلال ظفر کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر انہیں سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے ڈولفن فورس کی پرفارمنس بہتر بنانے کیلئے ریفریشر کورسز اوردیگر ایس او پیز تیار کئے ہیں، اسی طرح ان ایس او پیز پر عمل در آمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن فورس کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ریفریشر کورسز اور تربیتی ورکشاپس میں تیزی لائی جائے اور ڈولفن اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق کرائم کنٹرول کے حوالے سے خصوصی مہارتیں سکھائی جائیں تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے سکیں۔

بلاشبہ آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے ڈولفن فورس کی کارکردگی کے حوالے سے جو ہدایات جاری کی ہیں وہ عوام اور فورس کو مزید قریب لانے کا باعث بنیں گی۔ عوام پہلے روز سے ڈولفن فورس کی کارکردگی کے معترف ہیں اور اب آئی جی پنجاب کے احکامات پر عمل درآمد کے بعد یقینا اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ شہریوں کی اکثریت یہی چاہتی ہے کہ ان کے ساتھ اچھے انداز میں بات کی جائے اور اگر کسی معاملے میں شک ہو یا کچھ پوچھنا ہو تو انہیں فوری طور پر ملزم نہ سمجھا جائے۔ اب آئی جی پنجاب نے بھی یہی ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے بعد ملزمان ، مشکوک افراد اور عام شہریوں میں فرق واضح ہو جائے گا، جس کا سب سے زیادہ فائدہ شہریوں کو ہو گا۔

ایس پی ڈولفن سکواڈ لاہور بلال ظفر نے ''ایکسپریس''سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے جوانوں نے ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی تمام730کالز پر فوری ریسپانس دیا۔ دوران پٹرولنگ 150 گاڑیوں، 99 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں اور65ہزارسے زائد اشخاص کی چیکنگ عمل میں لائی گئی جبکہ04 گاڑیوں،16موٹر سائیکلوں اور65اشخاص کوکوائف نامکمل ہونے پر حراست میں لیا گیا۔ون ویلنگ میں 01،ہوائی فائرنگ میں 01اور آتش بازی میں 02 افراد کو گرفتار کیاگیا۔ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کے جوانوں نے 10 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے ڈولفن سکواڈکے کانسٹیبل کامران کوفرض شناسی،خوش اخلاقی اور اچھی کارکردگی پر تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں