
ہفتے کو گوجرخان میں جلسے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ چینی، گھی، دال، دوائی، بجلی گیس مہنگی کردی گئی ہیں، عمران خان نے عوام سے جھوٹ بولا، عوام کے صبر کاپیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ عوام کویقین دلاتا ہوں کہ عمران سے حساب لوں گا، یہ کیسا نیا پاکستان ہے جس میں بنی گالہ کی تجاوزات حلال اور غریب کی جھونپڑی حرام ہے، یہ کیسی تبدیلی ہے کہ نواز شریف کی آف شور کمپنی حرام اور لاڈلے کی حلال ہے۔
بلاول نے کہا کہ یہ نیا پاکستان کٹھ پتلیوں کا پاکستان ہے، یہ نیا پاکستان مہنگا پاکستان ہے، اس وزیراعظم اور حکومت کو سلیکٹڈ نہ کہوں تو کیا کہوں جہاں عوامی نمائندے قانون سازی نہ کرسکیں، جہاں ہزاروں شہری لاپتہ ہوتے ہیں اور ان کو ڈھونڈنہیں سکتے، دہشتگردی کے ہزاروں واقعات ہوتے ہیں دہشتگردوں کا پتا نہیں چلتا۔ اب پنجاب کے عوام کو بھی لڑنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے تقریر کے دوران اچانک وزیراعظم کی نقل اتار کر تقریر کی جس سے پورے پنڈال میں قہقے گونجے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا میں حکومت کے لیے اتنا بڑا مسئلہ بن گیا ہوں کہ اسمبلی میں میرے خلاف قرار داد منظور کی گئی ہے۔ جب عوام اپنے معاشی قتل پر رو رہے ہوں تو یہ حکمرانوں کے لیے اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہوتا۔ ان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیں جھوٹا اور سلیکٹڈ کیوں کہا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔