ن لیگ میں قیادت کے لئے چچا بھتیجی کی لڑائی ہورہی ہے فواد چوہدری

جس نے مریم نواز کی بات مان کر سیاست کی اس کا بیڑہ غرق ہوگیا، فواد چوہدری


ویب ڈیسک June 30, 2019
لوگوں کے فیصلوں کی بنیاد مقامی سیاسی حقائق ہوتےہیں، وفاقی وزیر فوٹو: فائل

وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ میں قیادت کے لئے چچا بھتیجی کی لڑائی ہورہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کبھی بحران کے لیڈر نہیں تھے، مریم نواز نے شہباز شریف کی قیادت پر شب خون مارا، (ن) لیگ میں اب قیادت کے لئے لڑائی ہورہی ہے، چچا بھتیجی آپس میں لڑ رہے ہیں، شہبازشریف کا پارٹی میں اب کوئی پوچھتا نہیں ہے، ان کی حیثیت رفیق تارڑ کی سی ہوگئی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے (ن) لیگی اراکین کی فہرست جلد منظر عام پرلائی جائے گی، جس نے مریم نواز کی بات مان کر سیاست کی اس کا بیڑہ غرق ہوگیا، مریم نواز کی بات سن کر چلنے والے آج کہاں ہیں، مریم نواز نے اپنے والد کو پہلے اقتدار سے نکلوایا اور پھر جیل بھجوایا، طلال چوہدری اور دانیال عزیز کہاں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن ٹوٹ رہی ہے، اچھی خبروں کا آغاز ہو گیا ہے، مشکل وقت گزر گیا، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عوامی سطح پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کوئی حیثیت نہیں رہی، مقامی فیصلوں کی بنیاد سیاسی حقائق ہوتے ہیں اور لوگ اپنے فیصلے سیاسی حقائق پر کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے گروپ کی وزیراعظم سے ملاقات صرف ابتدا ہے، اگلا گروپ (ن) لیگ کے ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹ کا ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ (ن) لیگ کے ناراض ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شامل تھے۔ ملاقات کرنے والے (ن) لیگی ارکان میں گوجرانوالہ سے اشرف انصاری، نارووال سے غیاث الدین اور خانیوال سے فیصل نیازی بھی شریک تھے اور انہوں نے (ن) لیگ قیادت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |