انگلینڈ نے ناقابل شکست بھارت کو پچھاڑ دیا

انگلش ٹیم کی اس فتح نے پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کو مشکل میں ڈال دیا ہے


ویب ڈیسک June 30, 2019
میچ برمنگھم میں کھیلا جارہا ہے، فوٹو: سوشل میڈیا

کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے اب تک کی ناقابل شکست بھارت کو پچھاڑ کر اپنے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔

آج کی فتح کے ساتھ انگلینڈ کے 10 پوائنٹس ہوگئے ہیں جب کہ پاکستان کے 9 پوائنٹس ہیں اور دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اپنے آخری میچ میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے۔ پاکستان کو بنگلادیش کا چیلنج درکار ہے جب کہ میزبان ٹیم نیوزی لینڈ سے فائنل فور کے لیے ٹکرائے گی۔

انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی، پاکستان کو ایونٹ سے تقریباً باہر کر دے گی، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 3 جولائی کو چیسٹرلی اسٹریٹ میں مد مقابل ہوں گے، پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ 5 جولائی کو بنگلا دیش سے شیڈول ہے.



برمنگھم میں کھیلے گئےاس اہم میچ میں انگلینڈ کے 338 رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 306 رنز ہی بنا سکی اور 31 رنز سے شکست کھا گئی۔ ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 8 کے مجموعی اسکور پر راہول صفر پر پویلین لوٹ گئے، ابتدائی نقصان کے بعد کپتان کوہلی نے روہت شرمان نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 138 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم ویرات کوہلی 146 کے مجوعے پر چلتے بنے، انہوں نے 66 رنز بنائے۔

بھارت کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب روہت شرما 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی جب کہ ریشبا پانٹ 32 اور پانڈیا 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دھونی 42 اور جادیو 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، بھارت نے آخری 10 اوورز میں صرف 72 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے 3 اور کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔



اس سے قبل انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تومیزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیئراسٹو اور جیسن رائے نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد جیسن رائے 66 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اوپننگ کے لیے آنے والے جونی بیراسٹو نے شاندار اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 111 رنز بنائے، انہیں محمد شامی نے آؤٹ کیا جب کہ کپتان این مورگن صرف ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔



ون ڈاؤن آنے والے جوئے روٹ نے بین اسٹوک کے ساتھ مل کر 70 رنز کی شراکت بنائی تاہم روٹ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بین اسٹوک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، بین اسٹوک نے 54 گیندوں پر 79 رنز بنائے جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بناسکی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں