سلیکٹڈ حکومت معیشت کو مہنگائی کے ذریعے چلانا چاہتی ہے مصطفیٰ کھوکھر

کہاں ہیں وہ کنٹینر والے جو کہتے تھے کہ مہنگائی ہو تو سمجھو کہ حکمران چور ہیں، ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی

مہنگائی کا جن بے قابو اور حکومت ناکام ہو چکی ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت معیشت کو مہنگائی کے ذریعے چلانا چاہتی ہے۔


گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہر روز بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے،سلیکٹڈ حکومت معیشت کو مہنگائی کے ذریعے چلانا چاہتی ہے، مہنگائی کا جن بے قابو اور حکومت ناکام ہو چکی ہے، حکومت کی معاشی پالیسیاں ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہیں، ثابت ہو چکا ہے کہ حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نہیں ہے،عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال کر خسارہ پورا کرنا ہی حکومت کی پہلی اور آخری پالیسی ہے، کہاں ہیں وہ کنٹینر والے جو کہتے تھے کہ مہنگائی ہو تو سمجھو کہ حکمران چور ہیں۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لوگ تنگ آچکے ہیں، اگر وہ سڑکوں پر نکلے تو حکمران ٹک نہیں پائیں گے، پیپلز پارٹی ملک کو انتشار سے بچانے کے لئے رابطہ عوام مہم شروع کر چکی ہے، چیئرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف میدان میں نکلے ہیں، بلاول بھٹو زرداری عوام کو حکومت کے خلاف منظم کر رہے ہیں۔
Load Next Story