عوام ٹیکس قومی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرے احسن خان

سوشل میڈیا پر ہر چیز کو برا بھلا کہنے کے بجائے لوگوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اداکار


Qaiser Iftikhar June 30, 2019
سوشل میڈیا پر ہر چیز کو برا بھلا کہنے کے بجائے لوگوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، احسن خان (فوٹو: فائل)

اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ عوام ٹیکس قومی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرے کیوں کہ ملک صرف ٹیکس سے ہی ترقی کرسکتا ہے۔

ایکسپریس کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اداکار احسن خان نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ٹیکس کی ادائیگی ناگزیر ہے اور عوام ٹیکس قومی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرے، ہم اپنے ملک پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ملک صرف ٹیکس سے ہی ترقی کرسکتا ہے، حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے اور سوشل میڈیا پر ہر چیز کو برا بھلا کہنے کے بجائے لوگوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

احسن خان کا کہنا تھا کہ اب بہت اچھی فلمیں بن رہی ہیں، نئے لوگ بہترین کام کررہے ہیں لیکن سنیما گھروں کے مہنگی ٹکٹ نے عام لوگوں سے تفریح چھین لی، پہلے سو دو سو کا ٹکٹ ہوتا تھا اور اب ٹکٹ کی قیمت 700 یا 800 روپے ہے جس کے ساتھ کھانا پینا علیحدہ ہے جو کسی بھی عام شہری کے لیے ممکن نہیں ہے، اس سلسلے میں ریلیف ضروری ہے۔



احسن خان نے مزید کہا کہ فلاحی کام فیشن سمجھ کر نہیں بلکہ مذہبی اور معاشرتی ذمہ داری سمجھ کر کرتا ہوں کیونکہ اللہ اور اس کے رسولﷺ نے بھی دوسروں کا خیال رکھنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کہا ہے اس لیے میں زندگی بھر فلاحی کام جاری رکھوں گا۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ میں مستند فلاحی اداروں کے ساتھ ہی کام کرتا ہوں جب کہ میرے خیال میں پاکستانی بچوں کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی خوراک بہت ضروری ہے، میرا ارادہ ہے کہ مستحق بچوں کے لیے تعلیم عام کروں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں