کراچی پولیس و رینجرز کا آپریشن گھر گھر تلاشی 168 گرفتار

رینجرز نے چنیسرگوٹھ سے10،لانڈھی سے6،پرانی سبزی منڈی سے4،رضویہ سے5 افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا


Staff Reporter September 09, 2013
رینجرز نے محمودآباد چنیسرگوٹھ سے10،لانڈھی سے6،پرانی سبزی منڈی سے4،رضویہ سے5 افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا. فوٹو: فائل

رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 25 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ،منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ملزمان قتل،اقدام قتل ، ڈکیتی و رہزنی ، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے پولیس نے بھی 24گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 143افرادکوحراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں ، رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں ،محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں گھر گھر تلاشی کے بعد 10 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 17 ہتھیار اور منشیات برآمد کرلی گئی ۔



لانڈھی میں ایک کارروائی کے دوران 6 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ، پرانی سبزی منڈی کے قریب گوہر آباد سے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ، پولیس ذرائع نے بتایا کہ رضویہ کے علاقے سے بھی رینجرز نے پیتل والی گلی میں آپریشن کرتے ہوئے 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ بلدیہ ٹائون کے مختلف علاقوں سعید آباد ، بلدیہ ٹائون اور یوسف گوٹھ میں پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے10 ملزمان رضوان ،رحیم ، انیس ، سلمان ، یاسین ،شاہد ، محمد رئیس ، اختر علی اور رضوان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے5ٹی ٹی پستول برآمد کرلیں ، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، پولیس نے24گھنٹے کے دوران مختلف علاقوں سے 143 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں