ن لیگ کا وزیراعظم سے ملنے والے ارکان اسمبلی سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ

ڈسپلنری کمیٹی بنائی جائے گی جو تین روز میں ان ارکان کی قسمت کا فیصلہ کرے گی۔


Numainda Express July 01, 2019
ڈسپلنری کمیٹی بنائی جائے گی جو تین روز میں ان ارکان کی قسمت کا فیصلہ کرے گی۔ فوٹو:رپورٹر

مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے لیگی ارکان اسمبلی سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں پارٹی کے بعض اراکین اسمبلی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کے مرکزی رہنماء و سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں ملک ندیم کامران ،سمیع اللہ خان ،ملک محمد احمد خان، عطا اللہ تارڑ، چوہدری اقبال گجرسمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں لیگی ارکان کی وزیراعظم سے ملاقات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ملاقات کرنے والے ارکان کو علیحدہ علیحدہ بلا کر ان سے وضاحت طلب کی جائے گی، جبکہ ڈسپلنری کمیٹی بنائی جائے گی اور پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔

پارٹی نے فیصلہ کیا کہ پارلیمانی اجلاس میں ہر رکن صوبائی اسمبلی کو اپنی حاضری کو یقینی بنانا ہوگا، عدم حاضری پر رکن پنجاب اسمبلی کو پارٹی کی طرف سے شوکاز بھی جاری کیا جاسکتا ہے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان کے معاملے پر ڈسپلنری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد یہ اقدام کیا گیا ہے، کمیٹی ان ارکان کی قسمت کا فیصلہ آئندہ تین روز میں کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔