اے این ایف نے رانا ثنااللہ کو گرفتار کرلیا

رانا ثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں، اے این ایف حکام


ویب ڈیسک July 01, 2019
رانا ثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں، اے این ایف حکام

KARACHI: اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی حکام نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اوررکن قومی اسمبلی رانا ثنااللہ کو منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار کرلیا۔

اے این ایف حکام کے مطابق موٹروے پر سکھیکی کے قریب رانا ثنااللہ کی گاڑی روک کر تلاشی لی گئی تو اس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، جس پر انہیں گرفتار کرکے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرتے وقت ان کے گارڈزنے مزاحمت کی جس پر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش پر گارڈز کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

این ایف ترجمان کے مطابق رانا ثنا اللہ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاجائے گا جب کہ ریمانڈ کے لیے انہیں کل صبح انسداد منشیات کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر پارٹی کا ہنگامی اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا جس میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی کی اعلیٰ سطح کی قیادت کو فوری لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر اپنے ویڈیو بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی بلا جواز اور بغیر کسی ٹھوس الزامات کے گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس ریاست گردی کی سربراہی سلیکٹڈ وزیر اعظم خود کررہے ہیں اور اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے لئے بد ترین اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی اورنیب آپس میں ملے ہوئے ہیں، شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا تھا کہ پی ٹی آئی اورنیب آپس میں ملے ہوئے ہیں اور اس کے ثبوت سامنے آرہے ہیں، میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں مسلم لیگ (ن) بطور اپوزیشن جماعت بالکل یکسو ہے، رانا ثنا اللہ کو فی الفور عدالت میں پیش کیا جائے اور بھونڈے الزامات قوم کے سامنے لائے جائیں۔



رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے پیچھےعمران خان ہے، مریم نواز

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ذیادہ مضحکہ خیز بات کیا ہو سکتی ہے کہ اے این ایف رانا ثنااللہ کو گرفتار کرے، اے این ایف کا رانا ثنااللہ سے کیا لینا دینا ہے، انہیں دلیرانہ موقف کی وجہ سے گرفتارکیا گیا جب کہ رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے پیچھے عمران خان ہے، جعلی اعظم چھوٹے ذہن کا مالک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |