مسائل کے حل کے لئے ہم متحد نہ ہوئے تو نقصان پاکستان کا ہوگا وزیر اعظم

دہشتگردی اور توانائی بحران جیسے اہم قومی مسائل پر سیاست کے بجائے قومی مفاد میں فیصلے کئے جائیں گے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک September 09, 2013
اگر ہم نے قومی معاملات پر سیاست کی تو یہ پاکستان کے لئے گھاٹے کا سودا ہو گا،وزیر اعظم۔ فوٹو : فائل

KARACHI:

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو گھمبیرمسائل اور کئی چیلنجز کا سامنا ہے جس کے حل کے لئے ہم سب کو اکٹھا ہونا چاہئے اور اگر ہم متحد نہ ہوئے تو نقصان پاکستان کا ہوگا۔



وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے باقاعدہ آغاز پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کی گرفت میں ہے، دہشتگردی کے نتیجے میں ہمارے ہزاروں فوجی جوان ، پولیس اہلکار اور عام افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ہماری معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے، پورے پاکستان میں اغوا برائے تاوان کا مسئلہ بنا ہوا ہے جس کے باعث سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگانے سے گھبراتے ہیں۔


وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی، معاشی بدحالی اور توانائی بحران جیسے اہم قومی مسائل پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جائے گی بلکہ قومی مفاد میں بہترین فیصلے کئے جائیں گے، اگر ان قومی معاملات پر سیاست کی تو اس سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا بلکہ یہ ہمارے اور پاکستان کے لئے گھاٹے کا سودا ہو گا، ہمیں اس ملک میں نئی صبح کا آغاز کرنا ہو گا اور ملک کو دہشگردی سے پاک کر کے پاکستا ن کو واقعتا 21 ویں صدی میں لے کر جا نا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے تعاون سے معاملات پر پیش رفت ہو ئی اسی طرح ملک کو درپیش دیگر معاملات میں بھی ہم سب مل کر کسی نہ کسی حل کی جانب بڑھیں گے اور اگر ہم متحد نہ ہوئے تو نقصان پاکستان کا ہی ہوگا۔


وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ کئی مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ ہمیں دہشتگردی کے خلاف اکٹھا ہونا اور طالبان سے مذاکرات کی راہ نکالنا ہو گی۔ اگرہم نے عوام کیلئے کام کیا تو ان کی جمہوریت سے توقعات میں اضافہ ہوگا، بدقسمتی سے اس سے قبل سرکاری اورنجی سطح پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنسوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوا تاہم اس مرتبہ انہیں امید ہے کہ اس کا اچھا نتیجہ ضرور نکلے گا۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔