شاہ زیب کے اہل خانہ نے قتل میں ملوث مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت چاروں ملزمان کو اللہ کے نام پر معاف کرتے ہوئے عدالت سے تمام ملزما ن کو رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ زیب کے والد، والدہ اور ہمشیرہ کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں انہوں نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شا ہ رخ جتوئی سمیت تما م ملزما ن کو اللہ کے نام پر معاف کر دیا ہے ، شاہ زیب کے اہل خانہ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان کے بیٹے کے قتل ملوث تمام ملزمان کو رہا کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان پر فرد جرم ثابت ہونے پر شارخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپوراور غلام مرتضی لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ دوسری جانب پاکستان کے شریعت کورٹ قوانین میں یہ بات شامل ہے کہ اگر ورثا ملزمان کو اللہ کے نام پر یا دیت لے کر معاف کرنا چاہیں تو معاف کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ زیب کو گزشتہ برس 25 اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا اور سول سوسائٹی میں شاہ زیب کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کے لئے ملک گیر تحریک شروع ہو گئی تھی۔