امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

کالعدم تنظیم ملک میں دہشت گردی کے متعدد حملوں میں ملوث ہے، امریکا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان


ویب ڈیسک July 02, 2019
عالمی سطح پرپابندی سے کالعدم تنظیم کو کارروائیوں کیلئےکم سےکم مواقع ملیں گے، پاکستان۔ (فوٹو: فائل)

امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور کالعدم جنداللہ کو دہشت گرد تنظیم قراردے دیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا نے پاکستان میں دہشت گردی کی علامت کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور کالعدم جیش العدل کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا جب کہ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے بی ایل اے کے اثاثوں پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

یہ پڑھیں: 66 علیحدگی پسندوں کے سر کی قیمت مقرر

کالعدم بی ایل اے اور جیش العدل کو دہشت گرد قرار دینے کا اعلان امریکی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر کیا گیا جس کے تحت دونوں تنظیمیں اب دہشت گرد تصور کی جائیں گی جب کہ ان تنظیموں کے تمام تر اثاثہ جات بھی منجمد سمجھے جائیں۔

پاکستان کا امریکی اعلان کا خیر مقدم

دوسری جانب پاکستان نے امریکا کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کوعالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکی انتظامیہ کی طرف سے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ڈالنے کو نوٹ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بی ایل اے حالیہ عرصہ میں ملک میں کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہے اور 2006ء سے اسے پاکستان میں کالعدم قرار دیا جاچکا ہے، امید ہے کہ امریکا کی طرف سے دہشت گرد فہرست میں شامل کیے جانے سے بی ایل اے کی کارروائیوں میں کمی ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے، اس کے آرگنائزرز، معاونت کرنے والے اور بیرونی اسپانسرز کا بھی احتساب کیا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیمیں بلوچستان لبریشن آرمی اور جیش العدل گزشتہ کئی برس سے بلوچستان سمیت پورے ملک میں عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں