نیب نے آصف زرداری کے خلاف بدعنوانی  کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی

آصف زرداری پر پراتھینن اور پارک لین کے لیے مالی سہولت میں خوردبرد کا الزام ہے، نیب ذرائع


ویب ڈیسک July 03, 2019
آصف زرداری پر پراتھینن اور پارک لین کے لیے مالی سہولت میں خوردبرد کا الزام ہے، نیب ذرائع. فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر افراد کے خلاف بدعنوانی کے 4 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، نیب ایگزیکٹو نے بدعنوانی کے چار ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی، ایگزیکٹو بورڈ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پراتھینن، پارک لین کے لیے مالی سہولت میں خوردبرد کے الزام پر بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر میسرز پیراتھینان پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز پارک لین پرائیویٹ لمیٹڈ کے لئے حاصل کردہ فنانشل فیسیلٹی میں خردبرد اورجعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو مبینہ طور پر 3.77 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 6 انکوائریوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں اکرم خان درانی، اعظم خان درانی، رکن صوبائی اسمبلی عرفان درانی اور دیگر، وائرلیس لوکل لوپ/لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل کمپنیز، نیپرا کے اہلکار و افسران، بلال منیر شیخ چیف کمر شل آفیسر پی آئی اے اور دیگر، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اہلکار و افسران اور پاک پی ڈبلیو ڈی کے اہلکار و افسران کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں