ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو شکست دے دی

ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 288 رنز ڈھیر ہوگئی

میچ لیڈز میں کھیلا گیا، فوٹو: آئی سی سی

کرکٹ ورلڈکپ کے 42ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دے دی۔

عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز اور افغانستان کا سفر تمام ہوگیا، ایونٹ میں کالی آندھی نے 2 کامیابیاں سمیٹی جب کہ افغانستان فتح کی پیاس تک نہ بھجا سکی۔ دونوں ٹیمیں لیڈز کے میدان پر ایونٹ میں آخری بار سامنے آئیں تو ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 288 رنز ڈھیر ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے اکرام علیخل نے سب سے زیادہ 86 رنز بنائے، رحمت شاہ نے 62، اصغر افغان نے 40 اور نجیب اللہ زردان نے 31 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ 6 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، محمد نبی 2، سمیع اللہ شنواری 6، راشد خان 9، دولت زردان 1 اور سید شیرزاد 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈین بولر بریتھویٹ نے 4 اور کیمار روچ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کرس گیل اور تھومس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لیوس نے کیا، گیل میگا ایونٹ کے اپنی آخری میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

ایون لیوس نے شائے ہوپ کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ بیٹنگ کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، لیوس 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور شائے ہوپ 77 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔ شیمرون ہیٹمیئر 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ پچھلے میچ کے سنچری میکر نکولس پورن نے ایک اور شاندار اننگز کھیلی، وہ 58 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور کپتان جیسن ہولڈر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

افغانستان کی جانب سے دولت زدران نے 2 جب کہ راشد خان، محمد نبی اور سید شرزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 
Load Next Story