توقیر صادق کو آج احتساب عدالت میں پیش کیاجائے گا

نیب نے سابق مشیر پٹرولیم اور 2 اہم شخصیات کو بیان ریکارڈ کرانے کیلیے کل طلب کرلیا


Online September 10, 2013
سی این جی اسٹیشنز کے466 عبوری لائسنسوں کو مارکیٹنگ لائسنس میں تبدیل کیا گیا تھا فوٹو: آئی این پی/فائل

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اوگرا )کے سابق چیئرمین توقیر صادق کو 10 روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر آج منگل کو احتساب عدالت میں پیش کیاجائے گا ۔

جہاں نیب حکام ان کا مزید ریمانڈ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ دوسری جانب نیب نے غیر قانونی مفادات حاصل کرنے کے الزام میں سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور مزید 2 اہم شخصیات کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق مشیر پٹرولیم نے سی این جی اسٹیشنزکے466 عبوری لائسنسوں کو مفادات کے تحت مارکیٹنگ لائسنسوں میں تبدیل کیا تھا۔ نیب کے ذرائع نے بتایا کہ ان لوگوں کو 11 ستمبر کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلیے تفتیشی ٹیم نے طلب کیا ہے۔ یہ لوگ اس سے پہلے بھی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوچکے ہیں، انھیں مختلف سوالنامے بھی دیے گئے تھے۔



توقیر صادق پر اوگرا کے چیئرمین کی حیثیت سے کئی ارب روپے کے مفادات حاصل کرنے کا الزام ہے اور ایک اندازے کے مطابق ان کے دور میں قومی خزانے کو 40 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا، نیب اپنی کامیاب تفتیش کے دوران کئی ارب روپے وصول بھی کرچکا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ اسے دبئی میں توقیر صادق کے اکائونٹس تک رسائی دی جائے تاکہ ان میں موجود رقوم بھی حاصل کی جاسکیں اس حوالے سے نیب کی قانونی کارروائی جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔